وزیراعظم ہٹ دھرمی چھوڑ دیں،سراج الحق

لاہور (این این آئی،اے این این)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک و قوم کی بھلائی اور وزیراعظم کی عزت اسی میں ہے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی کا رویہ چھوڑ دیں ، عدالتوں سے محاذ آرائی اور اداروں پر بہتان طرازی کا رویہ درست نہیں ، وزیراعظم کو ملک و قوم کا وقار عزیز ہوتا تو اب تک استعفیٰ دے کر گھر چلے جاتے ،سپریم کورٹ نوازشریف کو کلین چٹ دے دے تو دوبارہ الیکشن لڑ کر آجائیں کسی کو اعتراض نہیں ہوگا ، ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں اور اب کوئی اپنے اختیارات کے بل بوتے پر احتساب سے بچ نہیں سکے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آبادمیں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سپریم کورٹ نیب سمیت مختلف اداروں کے پاس کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کے کیسز کو دوبارہ پٹ اپ کر کے ان مقدمات پر فیصلے دے اور لٹیروں سے قومی دولت وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دے ۔ انہوں نے کہاکہ پاناما ، دبئی اور لندن لیکس میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں ، انہیں کٹہرے میں لایا جائے اور اگر وہ لوٹی گئی قومی دولت واپس کرنے سے انکار کریں تو پاکستان میں موجود انکی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں ۔