وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار، بھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم نہیں کرسکتا: نوازشریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف کی صدارت پاکستان کی اعلیٰ سطحی عسکری و سول قیادت کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے بھی خصوصی شرکت کی ، اس دوران ملکی دفاع کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیاگیا جبکہ وزیراعظم نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہاکہ سندھ طاس پاکستان اور بھارت کا مشترکہ معاہدہ ہے ، کوئی ایک ملک اس معاہدے کو تن تنہا ختم نہیں کرسکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاﺅس میں نوازشریف کی صدارت ہونیوالے اجلاس میں آرمی چیف ، وزیرداخلہ ، وزیرخزانہ ، ڈی جی ایم اواور دیگراعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیاگیا اور بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی مذمت کی گئی ۔ اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا جائزہ لیاگیا اور اس پر اطمینان کااظہار کیاگیاکہ مسلح افواج پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کی صلاحیت رکھتی ہیں
وزیراعظم نوازشریف نے کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھاجاسکتا۔وزیراعظم کاکہناتھاکہ پاکستان نے عالمی امن کیلئے بے مثال قربانیاں دیں اور ہمیشہ صبروتحمل کا مظاہرہ کیااور آئندہ بھی خطے میں امن کیلئے کوشش جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے بتایاکہ سندھ طاس معاہدہ دونوں ممالک کا مشترکہ معاہدہ ہے اور اسے بھارت یکطرفہ طورپر ختم نہیں کرسکتا۔