وزیراعظم! کو کوئی معجزہ ہی بچا سکتا ہے چودھری نثار

اسلام آباد (نیوز وی او سی ) جمعرات کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ چودھری نثار کے درمیان زبردست گلے شکوے ہوئے ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے ۔ اجلاس میں وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! اب کوئی معجزہ ہی آپ کو بچا سکتا ہے ، آپ کو غلط مشورے دئیے گئے جس کے باعث آپ اس صورت حال سے دوچار ہیں ۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ کھل کر بات کرتے ہیں اور کھل کر مشورہ دیتے ہیں لیکن ان کے مخلصانہ مشوروں کو نظر انداز کیا گیا ۔ اس کے جواب میں وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو کہا کہ میں نے بھی ہمیشہ کھل کر مشورہ دینے کے معاملے پر آپ کی حوصلہ افزائی کی ۔ یہ میری وضع داری ہے کہ میں ہمیشہ ایسے مشورے کھلے دل سے سنتا ہوں ۔ آپ نے جتنی وفاداری دکھائی ، میں نے بھی اس سے بڑھ کر آپ کو عزت دی ۔وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! میری پارٹی اور آپ سے وابستگی پر کبھی کوئی شبہ نہیں کر سکتا ۔ اس کے جواب میں وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو مخاطلب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ گلے شکوے الگ ملاقات میں بھی کر سکتے تھے ۔ وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اصل ہمدرد وہی ہوتے ہیں جو صحیح اور کھل کر مشورہ دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صورت حال کو درست طریقے سے نہیں سنبھالا گیا ، سیاسی اور قانونی سطح پرجو حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی وہ نہیں اپنائی گئی ۔ اس پورے معاملے پر وسیع تر مشاورت کرنے کی ضرورت تھی ۔پارٹی رہنمائوں کو اداروں کے بارے میں بات کرنے میں بھی احتیا ط کرنی چاہئے ۔ کابینہ کے اجلاس کے اختتامی لمحات پروفاقی وزیر رانا تنویر کی گفتگو کے دوران وزیرداخلہ اجلاس سے چلے گئے ۔ اس سے پہلے وہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھی دیر سے پہنچے تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ کے شکوئوں کے باوجود وزیراعظم اجلاس میں بہت پراعتماد نظر آئے ، انہوں نے اجلاس میں واضح کیا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ کسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ، اس لیے انہیں یقین ہے کہ وہ عدالتی اور سیاسی جنگ میں سرخرو ہوں گے ۔