وزیراعظم پاکستان محمد نواز شر یف کے تر قیاتی پروگرام2016-18 کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں 1471 سکیمیں 4266 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی
گوجرانوالہ 28 فروری
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا )
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے تر قیاتی پروگرام2016-18 کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں 1471 سکیمیں 4266 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائیں گی‘سکیموں کی افادیت یقینی بنانے کیلئے کی فنڈز متعلقہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی وساطت سے خرچ کئے جائیں گے تاکہ ان کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچ سکیں‘ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاپنے اپنے اضلاع میں ان سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے متعلقہ اراکین پارلیمنٹ سے قریبی رابطہ رکھیں۔ وہ اپنے دفتر میں بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کررہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد عامر جان کمشنر آفس میں ان کے ساتھ موجود تھے جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بطور ویڈیو لنک اجلاس سے منسلک رہے ۔
کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں20 کروڑ روپے کی سکیمیں مکمل ہونگی جن میں سے 10 کروڑ متعلقہ ایم این اے جبکہ پانچ پانچ کروڑ اس حلقے کے ایم پی ایز کے ذریعہ خرچ ہونگے‘ اس پروگرام کے تحت اراکین پارلیمنٹ کوفنڈز جاری کردئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوجرانوالہ کے سات قومی اور14 صوبائی حلقوں میں 254 سکیمو ں پر1400 ملین روپے‘ گجرات کے چار قومی اسمبلی کے حلقوں میں187 سکیموں پر650 ملین روپے‘ حافظ آباد میں 121 سکیموں پر366 ملین‘ نارووال میں317 منصوبوں پر450 ملین‘ منڈی بہاؤالدین میں193 سکیموں پر450 ملین اور سیالکوٹ میں399 سکیموں پر950 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔
کمشنر کیپٹن (ر) محمد آصف نے بتایاکہ وزیر اعظم پاکستان پروگرام کے تمام منصوبوں کے آغاز اور بر وقت تکمیل کیلئے ڈ پٹی کمشنرز اور محکموں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے پیرا میٹرز اورگائیڈ لائنز پر پوری شدت سے عمل کرائے جائے گا اور محکموں کی کارکردگی رپورٹ بھی حکومت کو باقاعدگی کے سا تھ ارسال کی جائے گی کمشنر نے بتایاکہ تمام منصوبوں کی تفصیلات پر مشتمل بل بورڈز بھی تیار کر کے ہر منصوبہ کی جگہ پر آویزاں کئے جائیں گے ۔