وزیراعظم نفاذ شریعت کے وعدے پورے کرتے تو شاید پاناما میں نہ پھنستے :سراج الحق
(خبرایجنسیاں ” نیوز وی او سی آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرسی صرف اللہ کی مضبوط ہے ،پاکستان میں حکومتوں کے آنے جانے کا تماشا آئے روز دنیا دیکھتی ہے ، وزیر اعظم سے زیادہ کرسی مضبوط ہونے کے دعوے کرنے والے کئی ماضی کا قصہ بن گئے ہیں ، مشرف جیسے ڈکٹیٹر کو آج ملک میں آنے کی جرأت نہیں ہورہی، وزیر اعظم بیت اللہ اور مسجد نبوی ﷺ میں کئے گئے نفاذ شریعت کے وعدے پورے کرتے تو شایدآج پاناما کے جھنجٹ میں نہ پھنسے ہوتے ،جس دن کوئی بڑا قانون کی گرفت میں آگیا ،اسی دن ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہوجائے گی،الیکشن فیوڈلز کا کھیل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،نائب امیر راشد نسیم اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر کے ساتھ میٹنگ اور رشید اقبال اور فرمان علی کی قیادت میں سوات سے آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملکی اقتدار پر 70سال سے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں کا قبضہ ہے ،پاناما لیکس میں ان کے یاروں اور وفاداروں سب کا داغدار دامن سامنے آگیا ، پاناماا سکینڈل اور قرضے معاف کرانے والوں میں کسی دینی جماعت کے کارکن یا مدرسے کے مولوی کانام نہیں ،سارے وہی لوگ ہیں جو بار بار اقتدار میں آتے رہے ہیں ، ان لٹیروں کے چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں ،اب عوام کو بھی یہ چہرے پہچان لینے چاہئیں۔