وزیراعظم سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کی ملاقات ، سی پیک پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار، چینی باشندوں کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائیں گے:نوازشریف
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم نوازشریف سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے نائب وزیر چینگ شیاو سانگ نے ملاقات کی ،جس میں وزیراعظم نوازشریف نے پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی بھائیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے یقین دلایا جبکہ چین کے نائب وزیر نے پاکستان کی سی پیک پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق چینگ شیاﺅ سانگ کی وزیراعظم ہاﺅس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا ،ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ پاکستان اور چین انتہائی قریبی دوست اوربہترین دوست اور شراکت دار ہیں ۔وزیراعظم نوازشریف نے چینگ شیاﺅ سانگ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کی امید ظاہر کی ۔نوازشریف کا کہناتھا کہ سی پیک اور اس سے متعلق تمام پراجیکٹ دونوں ممالک کے لوگوں کی بنیادی نقطہ نظر کی علامت ہیں ۔وزیراعظم نے چینی اہلکار کو باور کرایا کہ پاکستان کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی بھائیوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے سول اور ملٹری فورسز پر مشتمل 1500 اہلکاروں کی فورس بنائی گئی ہے ۔
وزیراعظم نوازشریف نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے فوائد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارت بڑھ رہی ہے اور نمایاں ہے جو کہ 18 بلین ڈالر کے اعدادو شمار سے بڑھ چکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کی بہت صلاحیت موجود ہے جو کہ دو طرفہ تجارت میں مزید اضافہ کرے گی ۔نوازشریف کا کہناتھا کہ دہشتگردی کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور پاک فوج کے آپریشن کے نتیجے میں مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور نیٹ ورک تباہ کر دیئے گئے ہیں ۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ اپنے آخری مراحل میں ہے ۔
چینگ شیاﺅ سانگ نے وزیراعظم نوازشریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین میں آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے اور آپ کی وہاں پر بہت عزت ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کے دور حکومت میں چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادری راہداری پر کام کی رفتار سے چین مکمل مطمئن ہے خصوصی طور پر پنجاب سی پیک کے حوالے سے جاری کام مثالی ہے ۔نائب وزیر کا کہناتھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جہاں دوستی مضبوط ہوئی ہے وہیں پاکستان مسلم لیگ ن اور کمیونسٹ پارٹی کے درمیان تعلقات بھی تیزرفتاری کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان وفود کی سطح پر تبادلوں کا بھی خیر مقدم کیا جارہاہے ،ہمیں دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں کی بھی ضرورت ہے ۔نائب وزیر کا کہناتھا کہ چین کی ترقی میں کمیونسٹ پارٹی کی مثالی کوششیں شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کمیونسٹ پارٹ کے ممبرز کی تعداد 8.9ملین ہے ۔انہوں نے دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد کا استقبال کرنے کے منتظر ہوں گے ۔