وزیراعظم اور آرمی چیف ایک روزہ دورے کیلئے سعودی عرب روانہ
سلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج ایک روزہ دورے کیلئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کیلئے روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف 34؍ ملکی اسلامی عسکری اتحاد کی مشقوں کا مشاہدہ کریں گے جبکہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہروں پر داغے جانے والے میزائلوں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔اس موقع دونوں رہنماخادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کے وفد کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے۔ اسلامی عسکری اتحاد کی قیادت پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کر رہے ہیں، وہ گزشتہ ہفتے اپنے بیٹے عمر کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے ریاض سے پاکستان پہنچے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے مہمان ریاض میں شاہ سلمان کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھائیں گے۔دو ماہ قبل پاکستان کی جانب سے اپنے فوجیوں کو سعودی فورسز کی تربیت کیلئے بھیجے جانے کے بعد سے دونوں شخصیات پہلی مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال اگست میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ وزیراعظم عباسی کا چوتھا دورہ سعودی عرب ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم اور آرمی چیف اتوار کو علی الصباح اسلام آباد پہنچیں گے۔