وزیراعظم آج دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نوازشریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میںنہتے شہریوں پر ظلم و بربریت کا پردہ بھی چاک کریں گے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت مظالم نواز شریف کی تقریر کا اہم حصہ ہیں سیکریٹری داخلہ اعزاز احمد چودھری کے مطابق خطا ب کے اہم نکات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،اپنی تقریر میں نوازشریف بلوچستان سمیت پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔سیکریٹری داخلہ کے مطابق نیو یارک میں نوازشریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں خطے کی صورتحال اور بھارت کے جنگی جنون سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔ ترک صدر اور برطانوی وزیراعظم سے ملاقاتوں میں بھی باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔امریکی مطالبے پر وزیراعظم نے واضح کردیا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محدود نہیں ہوگا، دنیا بھارت سے بھی وہی اقدامات کرائے جن کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔اعزاز احمد چودھری کے مطابق پاکستان اپنا ایجنڈا لیکر اقوام متحدہ میں آیا ہے ،وزیراعظم نوازشریف کا آج کا خطاب انتہائی اہم ہوگا،وزیراعظم کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں گے۔