(ن) لیگ کی مجلس عاملہ کا اجلاس، نوازشریف پر اعتماد کی قرارداد منظور
اسلام آباد: (نیوز وی او سی) مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم اور سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف پراعتماد کی قرار داد منظور کر لی گئی، مجلس عاملہ نے سابق وزیراعظم کی چار سالہ کارکردگی کو بھی سراہا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس راجا ظفرالحق کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس میں جاری ہے، مجلس عاملہ نے پارٹی کےآئین میں ترمیم کی منظوری دے دی، منظوری کے بعد عوامی نمائندگی کے لیے نا اہل شخص بھی پارٹی صدر بن سکے گا۔ مجلس عاملہ نے میاں نواز شریف پر اعتماد کی قرار داد بھی منظورکرلی۔ قرار داد مشاہداللہ خان کی جانب سے پیش کی گئی، مجلس عاملہ نے میاں نواز شریف کی چار سالہ کارکردگی کو سراہا۔ قائمقام صدرسردار یعقوب ناصر، وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، شہباز شریف، اسحاق ڈار، احسن اقبال، چودھری جعفر اقبال، آصف کرمانی، پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، امیر مقام و دیگر رہنما اجلاس میں شریک ہیں۔