ن) لیگ پہلے مرحلے میں امیدواروں کا اعلان آج کریگی
لاہور(نیوز وی او سی آن لائن) مسلم لیگ (ن) عام انتخابات 2018 کےلئے پہلے مرحلے میں اپنے امیدواروں کا اعلان آج کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلی کےلئے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کیا جارہا ہے۔امیدواروں کے نام کے ساتھ ان کے حلقہ انتخاب بھی جاری ہوگا جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کودیئے جائیں گے اور بعض پارٹی رہنماؤں کےخلاف مقدمات کی وجہ سے متبادل امیدوار رکھے جائیں گے جبکہ بعض حلقوں سے 3 سے 4 کورنگ امیدوار بھی ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری نثارکو ٹکٹ دینے یا نہ دینے کے معاملے پر پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی قائد نواز شریف کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔ نواز شریف چودھری نثار کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حق میں نہیں جبکہ شہباز شریف کا اصرار ہے کہ چودھری نثار کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔
ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے (ن) لیگ کے اہم اجلاس کے دوران تجویز سامنے آئی ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز 3،3 حلقوں سے انتخاب میں حصہ لیں جبکہ مریم نواز کو کراچی سے بھی الیکشن لڑانے کی تجویز ہے۔