ن لیگ مشاورتی اجلاس ، سعد رفیق اور آصف کرمانی الجھ پڑے
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ڈاکٹر آصف کرمانی آپس میں الجھ پڑے، نوازشریف کی موجودگی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، سعدرفیق نے کہا ڈاکٹر کرمانی غلط بات مت کیا کرو، آصف کرمانی نے کہا کہ مجھ سے ایسے لہجے میں بات مت کرو۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں نوازشریف اور شہبازشریف سمیت سینئررہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کےبعد رہنما کھانے کی میز پر پہنچے تو سعد رفیق اور ڈاکٹر آصف کرمانی میں گرما گرمی شروع ہوگئی ، اس موقع پر نوازشریف موجود تھے تاہم شہبازشریف لاہور جاچکے تھے جبکہ تلخ کلامی نواز شریف کی موجودگی میں اور اونچی آواز میں ہوئی۔
کھانے سے پہلے چودھری شیر علی سے بات کرتےہوئے ڈاکٹرآصف کرمانی نے کہا کہ نوازشریف کا ووٹ کو عزت دلانے کا بیانیہ درست ہے، لوگ بھی اس سے اتفاق کرتے ہیں، جس کو تحفظات ہیں وہ اپنا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔
اس پر سعد رفیق بولے آصف کرمانی جو بات کرنی ہے، میرے ساتھ کرو، آصف کرمانی بولے میں نواز شریف کو جواب دہ ہوں، آپ کو نہیںتو اس پر سعد رفیق نےکہا کہ وہ نواز شریف کے اسٹاف سے بات نہیں کرتے۔
آصف کرمانی نے کہا کہ وہ مسلم لیگ کے کارکن ہیں، سعد رفیق نےکہا ہم 40 سال سے مسلم لیگی ہیں، آصف کرمانی نے کہا میرے والد قائداعظم کے ساتھیوں میں سے ہیں،ہم پیدائشی مسلم لیگی ہیںجبکہ اس دوران نوا ز شریف نے کوئی مداخلت نہیں کی اورسعد رفیق پلیٹ رکھ کر چلے گئے۔
واضح رہے کہ سعد رفیق اور ڈاکٹر آصف کرمانی کی والدہ آپس میں فرسٹ کزن ہیںجبکہ اس سے قبل اجلاس کے دوران سعد رفیق نے کہا کہ میاں صاحب کچھ لوگ صرف آپ کے نہیں، آپ کے ساتھیوں کے پیچھے بھی پڑےہیں تاہم اس بارے میں آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ان کے اور سعد رفیق کے درمیان کوئی بات نہیں ہوئی،ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں