کھیل

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست

ویلنگٹن: پہلے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو جیت کے لیے 106 رنز کا ہدف دیا جو نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوورز میں پورا کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا تاہم مارٹن گپٹل خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 3 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی فلپس بھی صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اوپننگ کے لیے آنے والے منرو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 49 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، منرو کی اننگز کے باعث نیوزی لینڈ نے 106 رنز کا ہدف 16 ویں اوورز میں حاصل کرلیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام بروس نے 26 اور راس ٹیلر نے 22 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور عمر امین نے کیا، اوپنر فخر زمان صرف 3 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ عمر امین بغیر رن بنائے سیٹھ رینس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد نواز نے 7 رنز بنائے اور ٹم ساؤتھی کا شکار بنے۔ حارث سہیل بھی 9 رنز پر انارو کچن کا شکار ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد 9 رنز اور شاداب خان بغیر کوئی رن بنائے مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
فہیم اشرف 7 بنا سکے اور ٹم ساؤتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی نے 23 رنز اور محمد عامر 3 رنز بنا کر سیٹھ رینس کا شکار ہو گئے۔ بابر اعظم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ رومان رئیس بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تمام میچز میں شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کرچکا ہے، پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو 61 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو 183 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button