پاکستان

نیب کا متعصب چہرہ پوری طرح بے نقاب ہوچکا،چیئرمین نیب معافی مانگے اور استعفیٰ دئے

اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چیئرمین نیب سے معافی مانگنے اور فی الفور استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ 4 ماہ پرانے کالم پر نیب کی جانب سے ابتدائی تحقیقات کیے بغیر ہی چیئرمین کی منظوری سے پریس ریلیز جاری کرنے سے نیب کا متعصب چہرہ پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے، نے میری کردار کشی ہی نہیں کی بلکہ قومی مفاد کو بھی نقصان پہنچایا۔
نیب کی جانب سے مبینہ منی لانڈرنگ کے ذریعے 4 اعشاریہ 9 ارب ڈالر کی رقم بھارت بھیجنے کی تحقیقات کے حوالے سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز پر رد عمل دیتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کے خلاف ایک اخباری رپورٹ پر نیب کا ایکشن لینا مضحکہ خیز ہے، ان کے خلاف نیب ریفرنس کا تعلق بھی بے سروپا میڈیا رپورٹ سے ہے جسے پاناما پیپرز کا نام دیا گیا تھا، دنیا کے متعدد ممالک نے اسے قابل توجہ نہیں سمجھا۔ میرے سیاسی مخالفین جب پٹیشن لے کر گئے تو اسی سپریم کورٹ نے اسے فضول ، لغو اور ناکارہ قرار دے کر فارغ کردیا لیکن نجانے کیا ہوا کہ یہ مقدس ہوگئی۔
نواز شریف نے کہا کہ جے آئی ٹی سے نیب ریفرنسز تک پھیلی کہانی ہماری تاریخ کا وہ سیاہ باب ہے جس پر ہماری آنے والی نسلیں بھی افسوس کرتی رہیں گی۔ مجھے وزارت عظمیٰ سے فارغ کرنا طے پاچکا تھا لہٰذا اقامہ کو بہانہ بنا کر اپنی خواہش پوری کی گئی، 9 مہینے سے ایک تماشہ لگا ہے ، میرا کسی لین دین سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود اس بوگس مقدمے میں 70 کے لگ بھگ پیشیاں بھگت چکا ہوں، طوطے مینا کی کہانی سے کچھ برآمد نہیں ہوا تو کوشش ہورہی ہے کہ کسی نہ کسی طرح نیا کیس بنایا جائے اور مجھے سزا دی جائے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کیا نیب نہیں جانتا کہ دو سال پہلے بھی سٹیٹ بینک نے منی لانڈرنگ رپورٹ کی واضح تردید کردی تھی، نیب اپنی ساکھ کھوچکا ہے اور اس کا متعصب چہرہ پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے، یہ ادارہ اور اس کا چیئرمین اپنی ساکھ کھوچکے ہیں ، انہوں نے میری کردار کشی ہی نہیں کی بلکہ قومی مفاد کو بھی نقصان پہنچایا، کیا وہ کالم نگار سے ثبوت مانگیں گے، انہیں کس نے چار ماہ پرانا کالم یاد دلایا۔
نواز شریف نے کہا کہ چیئرمین نیب پر لازم ہے کہ وہ اگلے 24 گھنٹوں میں شواہد سامنے لائیں یا پھر پوری قوم سے معافی مانگیں کیونکہ وہ میرے خلاف تعصب کا مظاہرہ کرکے اپنے عہدے پر رہنے کے قابل نہیں رہے اس لیے انہیں عہدے سے فی الفور استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ہماری قانونی ٹیم اس کا جائزہ لے رہی اور ہم تمام قانونی آپشن استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کے تمام سینئر لیڈرز کو مقدمات میں الجھایا جا رہا ہے، الیکشن سے پہلے یہ سب انتہائی شرمناک دھاندلی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button