نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پر بھاری نہیں :شہباز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیازی اور زرداری مل کر بھی ہم پربھاری نہیں ۔
شہبازشریف اسلام آباد میں ن لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدرمنتخب ہوگئے جس کے بعد انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوم کے ساتھ تبدیلی کے نام پر بہت بڑا دھوکا اور فراڈ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پارٹی کا کوئی رکن نوازشریف کی جگہ لینے کا تصوربھی نہیں کرسکتا،پارٹی میں ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، دنیا جانتی ہے کہ نواز شریف کو ناانصافی کا نشانہ بنایا گیا، وہ دن ضرور آئے گا جب ان کے ساتھ زیادتی کا ازالہ ہوگا،انہیں انصاف ملےگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتےپارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نےمجھے قائم مقام صدربنایا، آج پارٹی کی جنرل کونسل نے ن لیگ کا باقاعدہ صدرمنتخب کیا ہے،سیاسی زندگی میں نوازشریف سے رہنمائی حاصل کی،وہ کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف کوقائد اعظم کا سیاسی وارث قراردیا جاسکتا ہے،قومی تعمیرکے سفرمیں ن لیگ کوپاکستان بھرکی اقلیتوں کاساتھ میسرہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے مجھے اپنے منصب پرفائزکرنے کے لیےچنا،ان کی تربیت میری زندگی کا سرمایہ ہے، ان ہی کی قیادت میں اپنی ذمے داریاں پوری کروں گا،جمہوریت کے تسلسل کویقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔