نگراں حکومت یا نئے وزیراعظم کا فیصلہ جلد ہوگا:شیخ رشید
لاہور (نیوز وی او سی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے کہا ہے (ن) لیگ کا بڑا گروپ 8 ہفتوں میں سیاسی فیصلہ کریگا ،چندہفتوں میں پتہ چلے گا کہ نگران سیٹ اپ آتا ہے یا عبوری وزیراعظم ،حکمران جے آئی ٹی نہیں سپریم کورٹ کے خلاف بول رہے ہیں، استعفے یا اسمبلی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ نواز شریف نے کرنا ہے ، رپورٹ پر جرح کی اجازت دی گئی تو نواز شریف کو بلانے کی استدعا کروں گا۔ سانحہ احمد پور شرقیہ کے ز خمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ نواز شریف مستعفی ہوجائینگے ۔ ڈار صاحب کے علاوہ سب کو بلا لیا گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا اگر اسمبلی ختم ہوتی ہے تو صوبائی اسمبلیاں بھی ختم ہوجائیں گی ، فیصلہ نوازشریف کو کرناہے کہ وہ نئے انتخابات کااعلان کرتے ہیں یا پھڈ ا کرکے جیل جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا چوہدری نثار ،شہبازشریف اوراسحق ڈار بھی حالات کے مطابق نئے سیاسی قبیلے کا تعین کرسکتے ہیں ۔ ا نکا کہنا تھا ابھی سیاسی موسم ابر آلود ہے ، پاناما فیصلے کے بعد اپنی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کروں گا۔