نون لیگ لیٹی ہوئی ہے کہ کوئی آئے اور ان کو مسل کر چلا جائے،شہباز شریف نے مشرف اور پوری فوج کو بیوقوف بنایا :شیخ رشید احمد
اسلام آباد(نیوز وی او سی آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس وقت ساری نون لیگ لیٹی ہوئی ہے کہ کوئی آئے اور ان کو مسل کر چلا جائے ، آگے دیکھیں کیا ہوتا ہے ؟ ختم نبوت قانون میں ترمیم نواز شریف کی مرضی کے بغیر ہو ہی نہیں سکتی ،کیپٹن صفدر وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے تھے ،وہ رات کے اندھیروں میں مدرسوں میں جا رہے تھے ،آصف زرداری سندھ کو اپنے ہاتھ سے نکلتا دیکھ رہے ہیں،دسمبر کے اختتام تک آصف زرداری کھل کر سامنے آ جائیں گے ،عمران خان سادہ آدمی ہے ،قبل اَز وقت انتخابات ہوگئے تو اچھا ہے ،شہباز شریف اداروں سے بنا کے رکھتا ہے ،ان میں مذاکرات کی زیادہ قوت ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’ابتک نیوز ‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں عبوری حکومت کی باتیں ہو رہی ہیں ،لوگ کسی سے خوش نہیں ہوتے ،فوج کو نہیں آنا چاہئے ،دیر سویر سے ہو لیکن الیکشن ہو جانے چاہئیں ، میرا خیال ہے کہ آصف زرادری، بلاول بھٹو کو فری ہینڈ نہیں دے رہے ، اگلے الیکشن میں بھی پیپلز پارٹی کی قیادت آصف زرداری ہی کریں گے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے حکومت سے کہاتھا کہ وہ ختم نبوت ﷺ قانون سے چھیڑ چھاڑ نہ کرے ،میں نے حکومت کی منتیں کیں کہ اس ’’آگ ‘‘ سے مت کھیلیں ، یہ آپ کی جڑوں میں بیٹھ جائے گا لیکن اس ووقت یہ میرا مذاق اڑاتے رہے، میرا مائیک بند کر دیا گیا اور اسمبلی میں مجھے بولنے نہیں دیا گیا جبکہ پھر بعد میں میرے ترلے اور منتیں کرتے رہے ،میرا مقصد یہ نہیں تھا جو پنڈی میں دھرنے کی صورت ہوا ،میرے حلقے سے 5 جنازے اٹھے ،سب کے سامنے ہے ،میرے خلاف انہوں نے جو زبان استعمال کی ،اتنا ہولناک منظر میرے شہر میں اس سے پہلے کبھی نہیں تھا کیونکہ کوئی کہہ رہا تھا کہ 10 جنازے ہیں کوئی کہہ رہا تھا کہ 15 جنازے ہو گئے ،پورا شہر افواہوں کی لپیٹ میں تھا اور ان افواہوں کا بازار گرم تھا جس پر میں نےخود جا کر دیکھا اور لوگوں کو کہا کہ 4 بندے شہید ہوئے ہیں مہربانی کرکے اس کو زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش نہ کریں تاکہ شہر ہی نہ جل جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس سے قبل حکومت میں اتنے نا اہل ، بیوقوف اور نکمے لوگ نہیں دیکھے،اگر یہ پہلے دن میری بات مان جاتے تو انہیں اتنی زلت اور رسوائی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ،زاہد حامد نے مجھے اسمبلی میں کہا کہ کوئی درمیانی راستہ ہے ؟جس پر میں نے کہا کہ اب بات اتنی بڑھ گئی ہے کہ کسی کے پاس درمیانی راستہ نہیں بچا ،اب تو ملک میں عاشق رسول ﷺ اور گستاخ رسول کے درمیان پاکستان میں نئی تقسیم پیدا ہو گئی ہے ، میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ اتنی بڑی ترمیم نواز شریف کی مرضی کے بغیر نہیں ہو سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ﷺ قانون میں ترمیم خفیہ طریقے سے کی گئی ،پاکستان میں چار فرقے اور ان کے آپس میں اختلافات ہیں جو جاری رہیں گے لیکن ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر سب میں اتفاق ہے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے بڑے افسوس سے اس بات کو کہنا پڑ رہا ہے کہ یہ اس پوزیشن میں ہی نہیں رہ گئے اور کسی بھی جگہ ان پر ری ایکشن ہو سکتا ہے ،ان کی عقل پر پردہ پڑ گیا ،اِنہوں نے اپنے بھائی کے کہنے پر بھی وزیر کو نہیں نکالا لیکن اپنا منہ کالا کروا لیا ،اِنہوں نے سو جوتے بھی کھائے ہیں اور اور سو پیاز بھی ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور نواز شریف دونوں اندر سے ایک ہیں ،وہ ایک دوسرے کے خلاف کبھی نہیں آئیں گے ،یہ دنوں بھائی دنیا کو بیوقوف بناتے ہیں ،شہباز شریف میں مذاکرات کی زیادہ طاقت ہے ،وہ مینج کر سکتا ہے اور اداروں کے ساتھ بنا کے رکھتا ہے ،اس نے مشرف کو بیوقوف بنایا ،پچھلی حکومت میں اس نے پوری فوج کو بیوقوف بنایا اور اپنے بھائی کو یہاں لے آیا ،لوگوں کو بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خؒلاف سازش کریں گے ،حدیبیہ کیس کھل گیا تو سارا شریف خاندان ہی فارغ ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے نیب کو آج کہا ہے کہ میاں سیف الرحمن کو تو پکڑیں کراچی میں جو ڈیل کر کے بھاگا ہوا ہے ،کتنے کروڑ روپے اس نے دینے ہیں اس کو تو گرفتار کیا جائے ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرادری کے بارے میں تھوڑا سا کنفیوز ہوں ،انہیں سندھ چاہئے ،قومی اسمبلی میں انہوں نے ترمیمی بل کی حمایت کر دی ہے ،سینیٹ میں پیپلز پارٹی نے ووٹ نہ دیا تو پھر 2018 میں الیکشن نہیں ہو گا ،اگر ووٹ دے دیا تو پھر آصف زرداری اور نون لیگ کسی خوف کے تحت اکٹھے ہوگئے ہیں ،بس دیکھیں آگے وہ کیا کرتے ہیں ؟سندھ کے حالات بھی کافی بگڑ چکے ہیں لیکن وہ سندھ کو اپنے ہاتھ سے نکلتا نہیں دیکھنا چاہتے ۔