Draft

نور بخاری نے عدالت کے ذریعے خلع لے لی

لاہور(ویب ڈیسک )پاکستانی اداکارہ اور ہدایت کارہ نور بخاری نے رواں سال اپنے شوہر ولی حامد سے خلع لینے کے لئے درخواست دائر کی تھی اور آخر کار فیملی عدالت نے طلاق کی ڈگری جاری کر دی۔ فیملی عدالت کے جج فیصل نسیم میر نے دونوں فریقین کے بیان مکمل ہونے پر ادکارہ نور کی خلع کی درخواست پر ڈگری جاری کی۔ عدالت میں جمع کرائے اپنے بیان میں اداکارہ نے کہا کہ انہیں علی حامد سے ہر صورت طلاق چاہیے، جبکہ ان کے شوہر ولی حامد نے اپنے گزشتہ سماعت پر موقف میں کہا تھا کہ وہ اپنی بیوی سے بہت محبت کرتے ہیں اور کسی صورت طلاق نہیں دینا چاہتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نور کی جو بھی شرائط ہوں گی وہ اسے ماننے کو تیار ہیں۔ تاہم اداکارہ اپنے فیصلے پر برقرار رہی جس کے بعد عدالت نے ان کی علحیدگی کا فیصلہ سنایا۔ خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں اداکارہ نے فیس بک اکاونٹ پر ولی حامد سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، انہوں نے ایک اور بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ جانتی ہیں اس فیصلے کے بعد لوگ ان کے بارے میں غلط سوچ سکتے ہیں، انہوں نے رشتے کو برقرار رکھنے کی بہت کوشش بھی کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکی، اور انہوں نے اب سے اکیلے رہنے کا ہی فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب گلوکار ولی حامد نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے نجی معاملات میں دخل نہ دیں، ساتھ ساھ ان کی اہلیہ نور کے خلاف کوئی غلط بات نہ کہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نور 3 شادیاں کرچکی ہیں، ان کے پہلے شوہر وکرم دبئی سے تعلق رکھنے والے بزنس مین تھے، جن سے ان کی شادی 2008 میں ہوئی، تاہم 2010 میں انہوں نے اس رشتے کو ختم کردیا، اسی سال وہ ہدایت کار فاروق مینگل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، تاہم ان کی شادی صرف 4 ماہ برقرار رہنے کے بعد ختم ہوگئی۔ 2012 میں اداکارہ نے عون چوہدری سے شادی کی، لیکن کچھ ماہ بعد نور کی ان سے بھی علیحدگی ہوگئی۔ولی حامد اور نور بخاری 2015 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، ولی حامد معروف کلاسیکی گلوکار حامد علی خان کے بیٹے ہیں، جو خود بھی گلوکاری کرتے ہیں، جنہوں نے نور بخاری کی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم ‘عشق پوزیٹو’ کا گانا گایا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button