Draft

صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں

گوجرانوالہ25 مارچ
( بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا )
صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں‘ جس شعبہ میں چاہیں ا پنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ بحثیت مسلمان وپاکستانی ہمیں اپنے ملک پر فخر کرنا چاہئیے کیونکہ ہمارا ملک پوری دنیا میں افضل ترین ہے اور پوری دنیا مل کر بھی پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ نوجوانوں کو چاہئیے کہ وہ سخت محنت کو اپنا شعار بنائیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کا بونس اور دو ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعہ حج پر بھجوانے کا اعلان کیا۔ بورڈ کے دورہ کے دوران صوبائی وزیر نے 7 کروڑ53 لاکھ42 ہزار74 روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے دورہ کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد یونین کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر محمد اسلم سیکھو‘ ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ ڈویژن سرفراز احمد ورک‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد اقبال کلویا‘ چیئرمین فیصل آباد بورڈ پروفیسر غلام محمد جھگڑ‘ کنٹرولر بورڈ تنویر ظفر سنگرا‘ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر مختاراحمد‘ پرنسپل پسرور ڈگری کالج چوہدری اشرف علی‘ آر سی او بورڈ فقیر علی کیفی کے علاوہ مختلف کالجز کے پرنسپلز‘ نو منتخب یونین کے عہدیداران‘ خواتین وحضرات اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیرنے 2 کروڑ68 لاکھ43 ہزار459 روپے تحمینہ لاگت سے ایجوکیشن بورڈ کے ونگ نمبرایک ‘ دو اور پانچ کے مین آفس کی تعمیر ‘2 کروڑ68 لاکھ43 ہزار459 روپے کے تخمینہ لاگت سے ون ونڈو آپریشن کی تعمیر‘ 56 لاکھ33 ہزار369 روپے تخمینہ لاگت سے جنرل پریس کے فسٹ فلور کی تعمیر اور 35 لاکھ 22 ہزار327 روپے کے تخمینہ لاگت سے ٹیوب ویل/ ٹربائن کے تعمیراتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ صوبائی وزیر نے بورڈ کے تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے کمپیوٹرائز لیب کا بھی افتتاح کیا جس پر دو کروڑ روپے تخمینہ لاگت آئے گی اس طرح صوبائی وزیر نے بورڈ کے ملازمین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا بھی افتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک نے ہمیں جو عزت و مقام بخشا ہے اس کے عوض ہمیں خدمت کے بل بوتے پر پاکستان کا قرض اتارنا ہوگا‘ یہاں سے ڈگریاں حاصل کرکے بیرون ممالک خدمات دینے کی بجائے صرف پاکستان کی خدمت کریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔اس موقع پر ایک ننھے بچے کو ملی نغمہ پیش کرنے پر نقد انعام بھی دیا۔
قبل ازیں چیئرمین بورڈ گوجرانوالہ پروفیسر محمد اسلم سیکھو نے صوبائی وزیر کوسپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بورڈ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بورڈ کے مسائل بارے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ امسال 82 مختلف سکولوں کے طلباء وطالبات کے لئے امتحانی مراکز کو 9 ہزار200 کرسیاں بھی تقسیم کی گئیں جس سے انہیں امتحانی مراکز میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہوگا اور بہتر سہولیات میسرآئیں گی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے گوجرانوالہ بورڈ ایمپلائز ویلفیئر یونین کے نو منتخب عہدیداران چیئرمین ڈاکٹر سلطان احمد‘ صدر اعجاز احمد انصاری‘ سینئر نائب صدر افضال احمد گورائیہ‘ نائب صدر حاجی قیصر محمود نت‘ نائب صدر سید امتیاز حسین شاہ‘ جنرل سیکرٹری نوید احمد بسرا‘ ڈپٹی جنرل سیکرٹری نادر رفیق گھمن‘ جوائنٹ سیکرٹری محمد ریاض شاہین‘ سیکرٹری فنانس محمد ارشد بھٹی‘ سیکرٹری اطلاعات مشتاق علی ڈار‘ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات الطاف الرحمن انصاری سے حلف بھی لیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button