رنگ برنگ

نوجوان لڑکی نے مذاق مذاق میں اپنا ڈی این اے چیک کروانے کے لئے معروف ویب سائٹ کو بھیج دیا، لیکن جب نتیجہ سامنے آیا تو زندگی کا سب سے زوردار جھٹکا لگ گیا

واشنگٹن(نیوز ڈیسک) بانجھ پن کے علاج کے لئے آج کل جگہ جگہ کلینک کھل گئے ہیں۔اولاد کی نعمت کو ترستے بے شمار جوڑے ان جگہوں کا رخ کرتے ہیں اور بہت سے کامیاب لوٹتے ہیں۔ یقیناً بانجھ پن کا علا ج کرنے والے اکثر کلینک دیانتداری سے کام کر رہے ہوں گے لیکن اس کام میں کچھ ایسے شیطان صفت لوگ بھی سرگرم ہیں کہ جن کی بے حیائی اور بے حسی ناقابل یقین ہے۔ ایک امریکی خاندان کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعے سے بخوبی دیکھا جا سکتا ہے کہ نام نہاد فرٹیلٹی کلینک کیا کچھ کر رہے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کیلی راؤلٹ نامی لڑکی نے محض تجسس کی وجہ سے اپنے ڈی این اے کا سیمپل ویب سائٹ ancestry.com کو بھجوایا۔یہ ویب سائٹ ڈی این اے سیمپل کے تجزے کی بناء پر بتاتی ہے کہ اس کی میچنگ دنیا میں کس اور شخص سے ہو رہی ہے تا کہ سیمپل بھیجنے والے کو اس کا شجرہ نسب پتا چل سکے۔ کیلی کو جو جواب موصول ہوا وہ اس کے لئے بہت ہی حیران کن تھا۔
ویب سائٹ سے ملنے والی معلومات کے مطابق کیلی کا والد واشنگٹن سے 500 میل کی دوری پر رہنے والا ایک ڈاکٹر تھا جس کا نام جیرالڈ ای مورٹیمر تھا۔ کیلی تو آج تک ہاورڈ فاؤلر اور سیلی ایشبی کو اپنے والدین سمجھتی رہی تھی اور اسے اس بات پر یقین نہیں تھا کہ ویب سائٹ نے اسے درست معلومات دی تھیں۔ اس نے ازراہ مذاق اپنی والدہ سے بھی اس بات کا ذکر کیا، لیکن ڈاکٹر کا نام سن کر اس کی والدہ کچھ پریشان ہو گئیں۔ خاتون نے یہ معاملہ اپنے خاوند کے سامنے رکھا اور دونوں اس نتیجے پر پہنچے کو وہ جس ڈاکٹر سے بانجھ پن کا علاج کرواتے رہے تھے اس نے علاج کی بجائے اپنے سپرم سے سیلی کو حاملہ کر دیا تھا۔
دراصل جب وہ 1980میں ڈاکٹر جیرالڈ کے پاس گئے تھے تو اس نے بتایا تھا کہ سیلی نظام تولید کے کچھ مسائل سے دوچار ہے اور اس کے لئے قدرتی طریقے سے حاملہ ہونا ممکن نہیں لہٰذا اس کے خاوند جیرالڈ کے سپرم مصنوعی طریقے سے اس کے جسم میں داخل کرنا پڑیں گے۔ اس نے جارج کے سپرم کو بھی کمزور قرار دیا تھا اور ایک عرصے تک اس کا علاج بھی کرتا رہا تھا۔ بالآخر یہ علاج ’کامیاب‘ ہوا اور سیلی کے ہاں ایک بچی نے جنم لیا جس کا نام کیلی راؤلٹ رکھا گیا۔ کسے معلوم تھا کہ یہ بچی علاج کی کامیابی نہیں بلکہ ڈاکٹر کی شیطانی کی وجہ سے پیدا ہوئی تھی۔ اس نے جارج کے سپرم کی بجائے اپنے سپرم کے ساتھ سیلی کو حاملہ کر کے علاج کی کامیابی کا اعلان کر دیا تھا۔
یہ دردناک حقائق سامنے آنے کے بعد کیلی، اس کی والدہ سیلی اور والد جارج، سب ہی انتہائی دکھی ہیں۔ اس خاندان نے شیطان صفت ڈاکٹر، جو کہ اب ریٹائر ہو چکا ہے، کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔ عدالت میں اس نام نہاد ڈاکٹر کے خلاف فرائض میں غفلت، جذباتی صدمہ پہنچانے اور فراڈ جیسے الزامات کے تحت مقدمے کی کاروائی جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button