نواز شریف کی وطن واپسی کے امکانات معدوم؟ لندن میں اپنی رہائش گاہ کیلئے فرنیچر کی خریداری کرتے ہوئے دیکھے گئے
لندن 5 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
نواز شریف لندن میں اپنی رہائش گاہ کیلئے فرنیچر کی خریداری کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کچھ روز قبل لندن روانہ ہوگئے تھے۔ نواز شریف لندن میں زیر علاج اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ ن لیگ کے ذرائع کا دعوی تھا کہ نواز شریف کلثوم نواز کی عیادت کے بعد وطن واپس آجائیں گے۔
تاہم اس حوالے سے اب ذرائع کا بتانا ہے کہ نواز شریف کی جلد وطن واپسی کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ نیب میں کھلنے والے کیسز کے باعث نواز شریف کی گرفتاری کے امکانات ہیں۔ اسی باعث نواز شریف جلد وطن واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے۔ نواز شریف سیاسی حالات کی بہتری تک لندن میں ہی مقیم رہیں گے۔ جبکہ لندن سے نواز شریف کی چند دلچسپ تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ نواز شریف اتوار کے روز لندن کے ایک فرنیچر اسٹور میں دکھائی دیے گئے۔ نواز شریف کی جانب سے فرنیچر اسٹور میں اپنی لندن کی رہائش گاہ کیلئے فرنیچر کی خریداری کی جا رہی تھی۔ اس تصویر کے حوالے سے سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ تصویر ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف لندن میں ہی رہائش اختیار کریں گے۔