پاکستان

نواز شریف کی واپسی میں تاخیر عدالتی کارروائی سے بچنے کا حربہ’

اسلام آباد 14 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن سے پاکستان واپسی میں تاخیر کی وجہ بظاہر عدالتی کارروائی اور کیسز کا سامنا کرنے سے بچنا ہوسکتی ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ کو خصوصی انٹرویو کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ اگرچہ نواز شریف اپنی اہلیہ کی عیادت کیلئے لندن گئے تھے، لیکن ایک ایسے وقت میں جب سپریم کورٹ پاناما کیس کی نظرثانی درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے، ان کا وطن واپس نہ آنا غیر مناسب ہے۔
انھوں نے کہا کہ ‘جس طرح سے نواز شریف نے نااہلی کے بعد جی ٹی روڈ پر ریلی نکالی اس کے بعد اس طرح سے تاخیری حربے استعمال کرنا خود نواز شریف کی سیاست ہی نہیں، بلکہ ان کی جماعت کیلئے بھی انتہائی خطرناک ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے، لہٰذا یہ کہنا کہ جب تک سپریم کورٹ نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ نہیں سناتی تب تک ملک واپس نہ آنا کوئی جواز نہیں ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کو ہر صورت میں پاکستان واپس آکر عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا چاہیے جو کہ ان کیلئے بہت ضروری ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، لیکن پاناما فیصلے کے بعد سے شریف خاندان آزاد ہے جنہوں نے خود یہ روایت قائم کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ‘بظاہر یہی لگتا ہے کہ اس ملک میں دو قانون چل رہے ہیں جس کے تحت عدالتیں تو فیصلہ کرتی ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے’۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی نواز شریف، ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز اور وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے پاناما پیپرز فیصلے پر نظرثانی درخواستوں کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ کو تحلیل کرکے پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا تھا۔
سپریم کورٹ کا بینچ پاناما کیس پر نظرثانی درخواستوں کی سماعت ایک ایسے وقت میں کر رہا ہے، جب اسی کیس میں نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم ان دنوں اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کے سلسلے میں لندن میں ہیں۔
واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل وہی پانچ رکنی بینچ نظرثانی درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے، جس نے 28 جولائی کو نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ سنایا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button