پاکستان

نواز شریف کشمیریوں سے بے وفائی اور مودی سے دوستی کی بدولت تاحیات نا اہل ہوئے ، حافظ سعید

لاہور(نیوز وی او سی آن لائن)امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کی قتل و غارت کیخلاف ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا اور کشمیری شہداء کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت کے چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ قبل ازیں نما زجمعہ کے بعدحافظ محمد سعید نے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی پڑھائی۔اسی طرح گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، کوئٹہ پشاور، میر پور، کوٹلی ، مظفر آباد اور دیگر علاقوں میں بھی کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ احتجاجی مظاہرہ کے دوران انڈیا کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرہ سے پروفیسر حافظ محمد سعید، ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق،حافظ حبیب الرحمن و دیگر نے خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کشمیریوں کے خون سے بے وفائی اور مودی سے دوستی کی وجہ سے نااہل ہوئے۔ جو پارٹی یا شخصیت مظلوم کشمیریوں سے بے وفائی کرے گی اسی طرح نااہل ہو گی۔ جدوجہد آزادی کشمیر پاکستان کے بچاؤ اور اس کی تکمیل کی تحریک ہے۔ کشمیریوں کی مدد کیلئے ملک گیر سطح پر بھرپور تحریک منظم کریں گے اور حکمرانوں پر دباؤ بڑھانے کیلئے وسیع تر اتحاد قائم کیا جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی نااہل نواز شریف کے انجام سے سبق سیکھیں اور مظلوم کشمیریوں کی مددکا فریضہ سرانجام دیں۔ہم کشمیریوں کا ساتھ نبھائیں گے۔مودی دنیا کا بڑا دہشت گرد بھارتی فوج کے ذریعہ تحریک آزادی کچلنا چاہتا ہے۔ تحریک آزادی دن بدن پروان چڑھ رہی ہے ۔ اسے اب کشمیر نہیں انڈیا کی فکر کرنی چاہیے۔ مودی سے دوستی کرنے والوں کو پاکستان میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ جن کی سیاست میں کشمیر کی آزادی شامل نہیں وہ سب ایک ایک کر کے نااہل ہونے والے ہیں۔ ابوالہاشم ربانی، عقیل چوہدری ایڈووکیٹ، مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق،حافظ حبیب الرحمن و دیگر نے کہا کشمیری مسلمان الحاق پاکستان کے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ان کی مددکرنا ہم سب پر فرض ہے۔ اسلام آباد میں پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا آئی ایٹ میں کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔ مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد ماموں کانجن میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا اور کشمیریوں پر جاری ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button