پاکستان

نواز شریف کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ انھوں نے اپنی چوری کو بچانے کے لئے اپنی بیٹی مریم نواز کو بھی ملوث کردیا

(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
مریم میری بیٹی جیسی ہے اس کے ساتھ انھوں نے ظلم کیا ہے،اب ان کے سارے قصور نیب ریفرنس میں ظاہر ہوجائیں گے، انھیں چور تو 1990سے کہا جارہا ہے ،تمام مسلم لیگی کارکن اور عہدیدار اپنے اپنے علاقوں میں ان مسلم لیگیوں کو واپس لیکر آئیںجو گھر بیٹھ گئے ہیں ْمسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا یوتھ ونگ کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب

مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کہتے پھر رہے ہیں مجھے کیوں نکالا گیا میرا کیا قصور ہے ،ان کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ انھوں نے اپنی چوری کو بچانے کے لئے اپنی بیٹی مریم نواز کو بھی ملوث کردیاجوکہ میری بیٹی جیسی ہے اس کے ساتھ انھوں نے ظلم کیا ہے،اب ان کے سارے قصور نیب ریفرنس میں ظاہر ہوجائیں گے، انھیں چور تو 1990سے کہا جارہا ہے۔
تمام مسلم لیگی کارکن اور عہدیدار اپنے اپنے علاقوں میں ان مسلم لیگیوں کو واپس لیکر آئیںجو گھر بیٹھ گئے ہیں یا دوسری جماعتوں میں چلے گئے ہیں۔ وہ جمعرات کو مسلم لیگ یوتھ ونگ کی جانب سے مقامی لان میںمنعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ، مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدرمیر نصیر خان مینگل ،سابق سنیٹر سیمی صدیقی، سندھ کے صدر اسد جونیجو، جنرل سیکریٹری طارق حسن، سید پرویز علی شاہ اور دیگرنے خطاب کیا ہے، اس موقع پر اسد جونیجو کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پارٹی وہ لوگ جو پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں میں شامل ہوچکے تھے۔
ان کی ایک تعداد پارٹی میں واپس آگئی ہے۔ اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر سید پرویز علی شاہ، سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی راحیلہ ٹوانہ مسعود کھوڑو، پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں اور خان بہادر سہتو جو پی پی پی میں چلے گئے تھے انھوں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرلی ہے، سید پرویز علی شاہ کو مسلم لیگ ق سندھ کا چیف آرگنائزر نامزد کردیا گیا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نواز شریف جب مسجد نبوی گئے تھے تو ان کے خلاف وہاں بھی چور چور کے نعرے لگے تھے۔ نواز شریف نے میری نظر میں سب سے بڑا قصور یہ کیا ہے کہ انھوں نے خود کو بچانے کے لئے اپنی بیٹی مریم نواز کے دستاویزات پر دستخط کروائے۔ انھوں نے کہا کہ۔مجھے آج کارکنوں کا اتنا بڑا اجتماع دیکھ کر بہت خوشی ہور ہی ہے یہ اتنا بڑا اجتماع مسلم لیگ ق کا کراچی میں تقریبا پانچ سال کے بعد ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ مسلم لگی جو گھر بیٹھ گئے ہیں یا دوسری سیاسی جماعتوں میں چلے گئے ہیں انھیں ہم پارٹی میں واپس لیکر آئیں گے اور انھیں عزت دیں گے۔مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک آج مشکل دوراہے سے گزر رہا ہے، آئندہ دو ماہ میں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے حوالے سے لوگوں کے سامنے وہ وہ باتیں سامنے آئیں گی کہ لوگ اپنے کان پکڑیں گے ان کا سب کچا چٹھا مزید کھل کر سامنے آجائے گا۔
شریف برادران کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ اور بہت جلد لوگ مسلم لیگ ن کو بھول جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ لوگ بجلی ، پانی ، بیروزگاری اور دیگر مسائل کے حوالے سے احتجاج کرتے ہیں اور ریلی نکالتے ہیں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چوروں نے لانگ مارچ کیا۔،سپریم کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیب ، ایف آئی اے، اور دیگر ادارے فیل ہوگئے ہیں جو کہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں ہم آئین میں سے 62,63نہیں نکالنے دیں گے اس پر سیاستدانوں کا اختیار نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف تو پہلے دن سے چوری کر رہے تھے لیکن اللہ تعالی کی طرف سے اب پکڑ ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اس کے حوالے سے عوام جلد خوشخبری سنیں گے کہ تمام مسلم لیگی دھڑے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ملک کے مقتدر ادارے احتساب سے پیچھے ہٹے تواس ملک کو ڈاکوئوں اور لٹیروں سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔مسلم لیگ ق سندھ کے صدر اسد جونیجو نے کہا کہ جس سیاسی جماعت کے نام کے مسلم لیگ لگتا ہے اسے ہم اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے جب سے ہمیں سندھ کی ذمے داری دی ہے پارٹی تیزی سے پھل پھول رہی ہے۔ہم نے ایک ٹیم ورک کی طرح کام کیا ہے ہم الیکشن 2018کی تیاری کر رہے ہیں، سید پرویز علی شاہ نے کہا کہ آج سے مسلم لیگ ق میری پارٹی اور گھر ہوگا۔طارق حسن نے کہا کہ ہم نے چوہدری شجاعت حسین کے مشن پر سفر کا آغاز کردیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button