پاکستان

نواز شریف نے سیاست کو کاروبار,عمران خان نے گالی بنا دیا,دونوں اقتدار کے بھوکے:بلاول بھٹو

خان صاحب کہاں ہے آپ کی تبدیلی؟آپ کے وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں، 2018میرا پہلا،آپ کا آخری الیکشن ہوگا :چترال میں خطاب چترال (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف نااہل ہوکر خوش نہ ہوں انہیں ابھی حساب بھی دینا ہوگا،میاں صاحب کو تختیاں لگانے کا بہت شوق تھا،تختیاں لگاتے لگاتے خود ان کا تختہ الٹ گیا، نوازشریف نے سیاست کو کاروبار اور عمران خان نے گالی بنادیا ، آپ دونوں اقتدار کے بھوکے ہیں۔ہفتہ کے روز چترال میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل کردیا، وہ صرف نااہل نہیں ہوئے بلکہ ان کی منافقانہ سیاست کا بھی خاتمہ ہوگیا،میاں صاحب خوش نہ ہوں کہ صرف نااہل ہوکر آپ کی جان بچ گئی ابھی آپ کو حساب دینا ہوگا،قدرت کا اپنا قانون ہوتا ہے ، آپ آئین کے ان آرٹیکلز کی بنیاد پر نااہل ہوئے جو جنرل ضیا نے 1973 کے آئین میں شامل کئے تھے ، ہم نے 18 ویں ترمیم اور انتخابی اصلاحات کے وقت بار بار کہا کہ یہ آرٹیکلز آئین کی بنیادی روح کے خلاف ہیں، یہ امتیازی قانون ہے ، یہ ایک آمر کی جانب سے غیر آئینی طور پر آئین میں شامل کئے گئے ہیں مگر میاں صاحب اور ان کی جماعت نہیں مانی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میاں صاحب آپ ان آرٹیکلز کو اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے مگر آپ خود اس کا شکار ہوگئے ، اب (ن) لیگ والے کہہ رہے ہیں غلطی ہوگئی ہے ، اگر غلطی ہوئی ہے تو پھر اس غلطی کو بھگتو۔انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب نے ہمیشہ دھونس اور دھاندلی کی سیاست کی، کبھی اسٹیبلشمنٹ تو کبھی عدلیہ کے کندھوں کو استعمال کیا، انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کہاں ہے آپ کی تبدیلی، نیا نیا، کیا نیا کردیا ہے ، کونسا نیا کارنامہ سر انجام دیا ہے ، کہاں ہے نیا خیبرپختونخوا، کیا تبدیلی لائے ہو یہاں، آج بھی یہاں غربت ہے اور سرکاری سکولوں کی بری حالت ہے ، نوجوان روزگار کے لئے بھٹک رہے ہیں،آپ کے وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں اوریہ الزامات میں نہیں بلکہ آپ کے اپنے وزیر اور ایم این اے لگارہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ کے پی کے کے ٹھیکوں سے عمران خان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے ،انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہے آپ کا احتساب کمیشن، جس کا واویلا آپ پورے ملک میں کررہے ہیں، پچھلے 3 سال میں احتساب کمیشن پر 60 کروڑ خرچ کردیئے مگر اس کی کارکردگی زیرو ہے ،اگر آپ تبدیلی لے آئے ہو تو پچھلے سال تمام ضمنی الیکشن میں کے پی کے کے عوام نے آپ کو کیوں مسترد کردیا، آپ کی سیاست کا محور صرف الزام لگانا اور گالی دینا ہے ، کسی کو بے عزت کرنے یا گالی دینے کو آپ سیاست کہتے ہیں، کیا وجہ ہے پڑھی لکھی خواتین آپ کی جماعت چھوڑ کرجارہی ہیں،خان صاحب میرے والد پرالزام لگارہے ہو، اپنے والد کا بھی تعارف کراؤ، آپ کے والد کس جرم کے تحت نوکری سے نکالے گئے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ چاچا عمران، 2018 میرا پہلا اور آپ کا آخری الیکشن ہوگا کیونکہ ہم انگلی کے اشارے کے منتظر نہیں رہتے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے جو بیان دیا وہ غلط تھا، اس پر اختلاف کیا جاسکتا تھا اور تنقید کی جاسکتی ہے مگر ایک ریاست کے وزیراعظم کو آپ جلسے میں کیسے گالی دے سکتے ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button