نواز شریف لندن کے لیے روانہ
سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور سے قطر کے راستے لندن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں،ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی ساتھ ہیں۔
سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز صبح ساڑھے 9 بجے نجی پرواز سے لندن روانہ ہوئےجبکہ مریم نواز کی بیٹی ماہ نور صفدر بھی ان کے ہمراہ لندن روانہ ہوئی ہیں۔ٹکٹ کے مطابق تینوں کی واپسی کے لیے 22 اپریل کی بکنگ کرائی گئی ہے۔
نواز شریف لندن میں زیر علاج اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گے،۔
لندن روانگی سے قبل مریم نواز نےعوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی والدہ کواپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
واضح رہےکہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔
برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔
دو تین روز قبل کلثوم نواز کو ایک بار پھر ریڈیو تھراپی کےلیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں امکان ہے کہ وہ آئندہ دو سے تین ہفتے رہیں گی۔