نواز شریف بھی کسی اور کو خوش کرنے کیلئے کالا کوٹ پہن کر عدالت : سہیل وڑائچ
لاہور (نیوز وی او سی) سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ آج میاں نواز شریف آصف زرداری پر کسی اور کو خوش کرنے کا الزام لگاتے ہیں لیکن کل وہ بھی کسی اور کو خوش کرنے کیلئے بہت سے کام کرتے رہے ہیں، اپوزیشن اور حکومت کی آپس کی لڑائی ملک کیلئے اچھی نہیں ہے، سسٹم آئین کی روح کے مطابق چلنا چاہیے۔
نواز شریف کے آصف زرداری پر کسی اور کو خوش کرنے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ کبھی میاں صاحب نے کسی اور کو خوش کرنے کیلئے زرداری سے ملاقات سے انکار کیا تھا، ایک دفعہ میاں صاحب بھی میمو گیٹ میں کسی اور کو خوش کرنے کیلئے کالا کوٹ پہن کر عدالت گئے تھے۔ دونوں کا رویہ سسٹم کیلئے نیک فال نہیں ہے کیونکہ آپس کی لڑائیوں نے پہلے بھی ملک کو نقصان پہنچایا۔ سسٹم آئین کی روح کے مطابق چلنا چاہیے ، اگر اپوزیشن اور حکومت کسی اور کے اشاروں پر ایک دوسرے کو لٹکانے کی کوشش کریں تو وہ غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی رابطے کی کوششوں کی بات کی خواجہ آصف نے بھی تصدیق کردی ہے، زرداری اس بات سے ناراض تھے کہ نواز شریف نے ان سے ملاقات سے انکار کیا اور اگلے دن جنرل راحیل شریف کو فون بھی کیا تھا، اس کے علاوہ آصف زرداری ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر بھی نالاں ہیں۔
عدالت میں سیاسی کارکنوں کی آمد پر تبصرہ کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ اگر عدالتوں میں پیشی کے موقع پر کوئی نہ آئے تو سیاستدان تنہائی محسوس کریں گے لیکن اداروں کو اس سے پریشانی اور ناراضگی ہوتی ہے۔ عدالتوں میں پیشی کے موقع پر سیاسی کارکنوں کیلئے کوئی اصول وضع کرنا چاہیے اور صرف مخصوص لوگوں کو اندر جانے کی اجازت دی جائے جبکہ اضافی لوگوں کو ایک سائیڈ پر کھڑا کردیا جائے تاکہ عدالت کی کارروائی بھی چلتی رہے اور کارکنان نعرے بازی کرکے اپنا شوق بھی پورا کرلیں۔