پاکستان

نواز شریف اور حکومتی رویہ جگ ہنسائی کا باعث بنا

لاہور۔1جون 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
حکمرانوں کی رخصتی تک” گو نوا ز گو” کے نعرے لگتے رہیں گے ،حکومت بند گلی میں داخل ہو چکی ہے‘ میڈیا سے گفتگو
تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صد ر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نواز شریف اور حکومتی رویہ جگ ہنسائی کا باعث بنا حکومتی اشاروں پر عمل کرنے والے جعلی سپیکر نے ایوان کا ماحول مزید خراب کیا،نواز لیگ کے ممنون صدر کا خطاب بھی حقائق کے برعکس اور معمول کی کاروائی تھی انہوں نے نہ جانے کونسی عینک لگا رکھی ہے کہ انہیں نہ تو ملک میں کرپشن نظر آئی اور نہ ہی فاٹا کے عوام کے مسائل اور و ہ صرف اپنے سیاسی محسنوں کی مداح سرائی کرتے رہے ۔
عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کے سامنے حکومت نے خود اپنی درگت بنوائی نام نہاد جمہوریت کا دعوی کرنے والوں کو اپوزیشن کے خطاب کو میڈیا کوریج دینے میں کیوں ہچکچاہٹ پیش آ رہی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت حکومت بند گلی میں داخل ہو چکی ہے اور حکمرانوں کے غیر جمہوری رویے کے باعث اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکمران خاطر جمع رکھیں ان کی اقتدار سے رخصتی تک یونہی–” گونواز گو” کے نعرے لگتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں چور حکمرانوں کے کارنامے منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں ملک کی اعلیٰ عدالتوں ،میڈیا اور ریاستی اداروں کے خلاف حکومتی سرپرستی میں چلائی جانے والی مہم قابل مذمت ہے نواز لیگ کی دیگ کے کئی دانے چکھے جا چکے ہیں اور مشاہداللہ ،پرویز رشید،طارق فاطمی اور اب نہال ہاشمی نے وہی کیا ہے جو ان کے سیاسی آقا چاہتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کا سیاسی منظر نامہ جلد ہی بدلنے والا ہے اور عمران خان کی ملک کی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کے بعد دانیال اور طلال کی باری آنے والی ہے جبکہ خواجہ سعد رفیق بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے اور اگر عدالتوں نے تفصیلی نوٹس لے لیا تو آدھے وزراء عدالتوں کی تضحیک میں ملوث پائے جائیں گے عبدالعلیم خان نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں عوام عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیتے ہوئے ملک سی70سال سے رائج روائتی نظام ختم کریں گے اور صحیح معنوں میں پاکستان کو اسلامی و فلاحی او ر جمہوری ریاست بنایا جائے گا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button