نواز شریف اور بچوں کی گرفتاری کا خطرہ ٹل گیا
لاہور 24 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
نواز شریف اور بچوں کی گرفتاری کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف کاروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں نیب نے نواز شریف اور ان کے بچوں کو متعدد مرتبہ طلب کیا۔ تاہم ہر مرتبہ نواز شریف اور ان کے بچوں کی جانب سے نیب کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا گیا۔
نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کی صورت میں کئی روز سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ نیب نے گرفتاری کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ تاہم اب نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر شاہزیب خانزادہ کی جانب سے بڑا دعوی کیا گیا ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے دعوی کیا ہے کہ نواز شریف اور بچوں کی گرفتاری کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اس حوالے سے نیب ذرائع نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ جبکہ دوسری جانب کلثوام نواز کی علالت کے باعث نواز شریف جلد بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔