نواز شریف، حسن اور حسین کی آج نیب میں پیشی متوقع
نیب نے ریفرنسز کے معاملے پر شریف فیملی سے آج جواب طلب کیا ہے جبکہ طارق شفیع اور اسحاق ڈار کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ سے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10کی تصدیق شدہ نقول حاصل کی جبکہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی حکومت کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 28 جولائی کو سنایا تھا جس پر عمل درآمد کا اگلا مرحلہ آ گیا ہے جس میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز 6 ہفتوں میں یعنی 8 ستمبر تک دائر کرنا ہیں۔
تحقیقاتی عمل کی نگرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کے ڈائریکٹر رضوان احمد کریں گے جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے تحقیقات کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم کریں گے۔
نیب نے شریف خاندان کے اثاثوں سے متعلق سعودی عرب کی حکومت سے بھی تفصیلات مانگ لیں۔سعودی حکومت کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ عزیزیہ ملز سے متعلق معلومات بھی 30 اگست تک فراہم کردی جائیں ۔
ذرائع کے مطابق والیم 10 میں شامل باہمی قانونی معاونت کے تحت بیرون ممالک لکھے گئے خطوط کی نقول شامل ہیں جو نیب کو مزید معلومات کے حصول میں مدد فراہم کرے گی ۔