نواز اور عمران دونوں نے سیاست کو گندا کیا : بلاول
رہنما کی بات کرنیوالوں کے پاس رہنما ہے اور نہ ہی منزل ، میاں اور خان کی ترقی اشتہار اور ٹوئٹر تک محدود ہے ،جلسہ سے خطاب
بادشاہوں، شہزادوں اور شہزادیوں کو طلب کیا جارہا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، احتساب ہو گا،شریفوں کو بھاگنے نہیں دیں گے کراچی (سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ، نواز شریف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں۔ دونوں کی پالیسیاں ایک ہی ہیں۔دونوں نے سیاست کو گندا کیا ہے ۔نواز شریف اور ان کے خاندان کو جے آئی ٹی میں طلب کیا گیا تو وہ شور مچا رہے ہیں اور جب ان کا احتساب ہورہا ہے تو وہ ملک میں ایک نیا سیاسی تماشا لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ حکمرانوں کو ملک کی کوئی فکر نہیں ۔عمران خان بھی ہر قیمت پر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان قیام امن کی حمایت کرتے ہیں لیکن ملک کی سودے بازی اور مودی اور نواز شریف کی دوستی ہمیں منظور نہیں ہے ۔ قومی ایکشن پلان نواز شریف کی نااہلی کی وجہ سے دفن ہوگیا ہے ۔ کراچی میں اب دہشت گرد اور مافیا کا راج نہیں ہے ۔ پی ایس 114 سے پاکستان پیپلز پارٹی کا پرانا رشتہ ہے ۔ اب تبدیلی کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو محمود آباد میں پیپلز پارٹی کے پی ایس 114 کے امیدوار سعید غنی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ، نوجوان روزگار کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ شریف خاندان حکومت نہیں بلکہ بادشاہت کا نظام چلاتا ہے ۔ ہمارا بھی احتساب کیا گیا۔ ہم بھی عدالتوں میں حاضر ہوئے لیکن احتساب سے راہ فرار اختیار نہیں کی۔ آج بادشاہوں، شہزادے اور شہزادیوں کو طلب کیا جارہا ہے اور ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ سب کی عزت ہوتی ہے لیکن شریف خاندان کو جب طلب کیا جائے تو انہیں تکلیف محسوس ہوتی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب احتساب ہو کر رہے گا۔ ہم شریفوں کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے نواز شریف اور عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کی ترقی اشتہار اور خان صاحب کی ترقی ٹوئٹر تک محدود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رہنما کی بات کرنے والوں کے پاس نہ تو رہنما ہے اور نہ ہی منزل ہے ۔