پاکستان

نوازشریف کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے، آصف زرداری

اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی کوشش ہے اداروں کو کمزور کیا جائے جب کہ پنجاب کی بیورو کریسی میں بغاوت کرائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران آصف علی زرداری نے کہا کہ 10 بار جسٹس قیوم نے مجھے سزادی لیکن پیپلز پارٹی نےعدالتی فیصلےکو تسلیم کیا، ہم نے عدالت جاکر انصاف مانگا لیکن کوئی غیرجمہوری رویہ نہیں اپنایا، کبھی اداروں کو لڑانے کی کوشش نہیں کی، لیکن نواز شریف کی کوشش ہے کہ اداروں کو کمزور کیا جائے، ادارے ختم ہوجائیں تو ملک کمزور ہوجاتا ہے، پنجاب کی بیوروکریسی میں 14 سے 15 ایم این ایز کے بھائی بھتیجے ہیں، ان کی مدد سے پنجاب کی بیوروکریسی میں بغاوت کروائی جارہی ہے، ان کو ڈر ہے کہ شہباز شریف بھی چلے گئے تو ان کا کیا بنے گا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتا، ہم ساڑھے 4 سال سے کہہ رہے تھے کہ وزیرِخارجہ لگایا جائے لیکن ہمارے مشورے پر عمل نہ کیا گیا، حکومت 4 سالوں میں بری طرح ناکام ہوئی جس کا فائدہ پڑوسی ملک کو ہوا، ہمارا پڑوسی بہت شاطر ہے، وہ عالمی قوتوں کے ساتھ مل کر ہم پر پابندیاں لگوا رہا ہے، مودی مسلمان ملکوں میں مندر بنوارہا ہے اور پاکستان کے خلاف ہر فورم پر اپنا اثر رسوخ استعمال کررہا ہے جب کہ ہماری نالائقی کا فائدہ بھارت اٹھارہا ہے اور آپ جھانسے میں ہیں کہ بھارت آپ کا دوست بن جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دورمیں بھی مشکل وقت کا سامنا کیا لیکن ہم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر حالات کا سامنا کیا، مخالفین کبھی نہیں چاہتے ہیں کہ پاکستان قائم رہے، عالمی سطح پر ہمارے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، ہمیں اور آپ سب ہی کو چلے جانا ہے، عاجزی کے ساتھ کہتا ہوں اس ملک کے ساتھ رحم کرو، ہمیں اسی مٹی میں مرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button