نوازشریف کو غیرجمہوری طریقے سے نکالنے کی کوشش عوام قبول نہیں کریں گے، راناثنااللہ
فیصل آباد(نیوز وی او سی آن لائن) میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دھرنا سیاست کا مقصد نوازشریف کووزیراعظم ہاؤس سے نکالنا تھا، نوازشریف کو پہلے بھی عوام سے الگ کرنےکی کوشش کی گئی لیکن وہ مقبول اور جمہوری لیڈر ہیں اور عوام کو جب دوبارہ موقع ملا تو انہوں نے نوازشریف کو ہی موقع دیا جب کہ انہیں غیرجمہوری طریقےسےنکالنے کی کوشش عوام قبول نہیں کریں گے-
راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کرکے خود اپنا جنازہ نکال رہے ہیں جب کہ راولپنڈی کے نجومی شیخ رشید بھی فال نکالتے رہتے ہیں، وہ کہتے تھے کہ 2016 میں انتخابات ہوں گے لیکن ان کی پیش گوئی غلط ثابت ہوئی اب وہ اور ان کے ساتھی تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ سے بڑا فیصلہ آئے گا اور نوازشریف کے خلاف آئے گا یہ کہنا عدالت پر حملہ اور توہین کے مترادف ہے۔