پاکستان

نوازشریف نے پنجاب میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کردیا۔

لاہور (نیوزرپورٹر) وزیراعظم محمدانہوں نے عوامی رابطے کی اس مہم کا آغاز لاہور میں محدود پیمانے کی ایک تقریب سے کیا جس میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 کے 90 سے 100 کارکنوں کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں اس حلقے سے متعدد چیئرمین اور وائس چیئرمین یونین کونسل بھی موجود تھے۔ این اے 119 میں فوڈ سٹریٹ کا یہ علاقہ بادشاہی مسجد اور حضوری باغ سے منسلک ہے اور ماضی میں میاں نوازشریف‘ میاں شہبازشریف اور خواجہ سعد رفیق یہاں سے رکن قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اس وقت یہاں سے قومی اسمبلی کے رکن میاں حمزہ شہباز ہیں۔ میاں نوازشریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ شہبازشریف‘ میاں حمزہ شہباز‘ خواجہ سعد رفیق‘ صوبائی وزراء بلال یٰسین‘ خواجہ عمران نذیر‘ رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور‘ سید توصیف شاہ لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر بھی موجود تھے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض خواجہ عمران نذیر نے ادا کیے۔ وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ میاں شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ سوال وجواب کی نشست میں کارکنوں نے ترقیاتی کاموں کو سراہا تاہم ان کی رفتار تیز کرنے کا مشورہ دیا۔ سینئر کارکنوں نے میاں نوازشریف کو اپنی دیرینہ وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پرانے کارکنوں کے بچوں کی بے روزگاری دور کی جائے اور انہیں ملازمتیں دی جائیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگی کارکن ان کے لئے سرمایہ ہیں۔ انہوں نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ رابطہ عوام مہم تیز کریں اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کروائیں۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے مزید کہا کہ سازشیں ہوتی رہتی ہیں ہوتی رہیں گی لیکن ہمارا ترقی کا سفر بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا تھا۔ اب ملک کو معاشی قوت بنا رہے ہیں‘ معلوم نہیں ہمارے مخالفین کا ایجنڈا کیا ہے؟ لاہور سے کراچی موٹروے مکمل ہو رہی ہے۔ سابق حکومتوں کو جو کام کرنا چاہیے تھا عوام کو ان سے سوال کرنا چاہیے کہ انہوں نے کیوں نہیں کیا، جس کی وجہ سے ملک کو اندھیروں میں ڈوبا، ہم آئے ہیں تو ملک میں بجلی کے کارخانوں کے ساتھ ساتھ موٹروے کا جال بچھ رہا ہے۔ سازشیں ہوتی رہیں گی اور ہمارا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے اور الزام لگانے والوں کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر پورٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ریلوے کے لئے ہم نے 800 ملین روپے رکھے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کو این اے119میں ہونے والے اجتماع میں یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس کے بعد کارکنوں سے سوال و جواب کی نشست میں لاہور کے مسائل پوچھے۔ ایک کارکن نے کہا کہ حضوری باغ جانے کیلئے ٹیکسالی گیٹ والا دروازہ کھلوا دیں اس پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ لاہور کا مسئلہ ہے تاہم متعدد دیگر افراد نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے ہدایت کی اس گیٹ کو کھلوا دیا جائے۔ ایک کارکن نے داتا دربار کے سامنے رش کو ختم کرنے کیلئے وہاں انڈر پاس یا فلائی اوور بنوانے کی تجویز پیش کی۔ اس تجویز پر بھی عمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ایک سیاسی کارکن کی تجویز پر ہدایت کی گئی کہ ایک موریہ اور دو موریہ پل نئے سرے سے بنائے جائیں۔ ایک سکھ کارکن نے ننکانہ اور کراچی میں سکھوں کیلئے ترقیاتی کام کروانے پر شکریہ ادا کیا ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ میڈیکل کالجوں میں سکھوں کو کوٹہ دیا جائے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے لاہور سمیت پنجاب کی تیز رفتار ترقی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی کارکردگی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں شہبازشریف کو بہت شاباش دینا چاہتا ہوں کیونکہ انہوں نے لاہور اور پنجاب کی ترقی میں بے پناہ دلچسپی لی ہے اور انتہائی جانفشانی سے کام کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب بھر میں عزم اور جذبے کیساتھ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرایا ہے اور ذاتی فرض سمجھ کر ترقیاتی منصوبوںکی نگرانی کی ہے، اسی لئے آپ کو پنجاب میں خوبصورت منظر نظر آتے ہیں اور بہترین مثالیں ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1985ء میں، میں بھی وزیراعلیٰ تھا اور اس وقت میں نے بھی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بہت کام کیا تھا اور اب شہباز شریف میرے اسی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں بلاشبہ صوبے کی بے مثال ترقی کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف کو جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف کی سربراہی میں منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے مثالی کام ہوا ہے۔ ماضی میں جو منصوبے پانچ، پانچ برس میں مکمل نہیں ہوتے تھے، اب دو برس کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیے جارہے ہیں جس پر میں سب سے زیادہ شہبازشریف کو شاباش دیتا ہوں کیونکہ کم مدت، کم لاگت اور شفافیت کے ساتھ منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف نیک نیت انسان ہیں اور میں ان کو کہتا رہتا ہوں کہ ہر کام سوچ سمجھ کرکیا کریں لیکن پھر بھی وہ جلدی کرتے ہیں تاہم ان کے ہر کام میں نیک نیتی شامل ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ ایک نیا انقلاب لیکر آئے گا۔ شہبازشریف کی یہ غریب آدمی کیلئے بہترین خدمت ہے، جس طرح میٹرو بسوں سے غریبوں کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے، اسی طرح اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے سے بھی غریبوں کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس لاہور کے بعد راولپنڈی اسلام آباد اور ملتان میں بھی کامیابی سے چل رہی ہے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں تک میٹروبس سروس چلیں گی۔ وزیراعظم نے کارکنوں کے مطالبے پر ایک موریہ اور دو موریہ پر اوور ہیڈ برج یا انڈر پاس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہبازشریف بناکر دیں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کا اشارہ میرے لئے حکم کا درجہ رکھتا ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ کل کا کام بھی آج ہی کرلوں۔ اے این این کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمارا حساب کل بھی لیا گیا اور آج بھی احتساب کا سامنا ہے لیکن ہم پریشان نہیں ہوئے، ٹھنڈے کمروں میں بہت اجلاس ہو چکے اب عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں، ملک میں بجلی کے کارخانوں کے ساتھ ساتھ موٹروے کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے، دھرنے دینے والوں اور الزام تراشی کرنے والوں کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔ اندرون لاہور میں مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب ، ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔ پاکستان معاشی طاقت بننے جا رہا ہے اب دھرنے اور گالیاں دینے والوں کو ووٹ دینے والے عوام پچھتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا حساب کل بھی لیا گیا اور آج بھی احتساب کا سامنا ہے لیکن ہم پریشان نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کرپشن سے پاک ہیں، ہم نے شفافیت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں، میٹرو منصوبے سے یقیناً ترقی ہوئی، صاف پانی اور سیوریج کے مسائل اب حل کریں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، رمضان بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے اور اگلا سال انتخابات کا سال ہے کارکنان تیاریاں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی احتساب سے نہیں ڈرتے ہمارا حساب کل بھی لیا گیا تو ہم سرخرو ہوئے اور آج بھی احتساب کا سامنا ہے لیکن ہم پریشان نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اب معاشی طاقت بنائیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز اپنے والد میاں محمد شریف کی قبر پر حاضری دی، وزیراعظم کی والدہ اور بیٹے حسن نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے والد کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button