نوازشریف میرے مقروض ہیں ،34برس تک ان کابوجھ اٹھائے رکھا:چودھری نثار
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن)مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما چودھری نثار نے کہاہے کہ میرا جلسہ سے دیکھ کر مخالفین پر خوف طاری ہو گیا ہے,نواز شریف میرے مقروض ہیں ، میرے اوپر ان کا کوئی قرض نہیں ہے ۔ میں نے 34برس تک نواز شریف کا بوجھ اٹھائے رکھا ۔ ان کو اس وقت مسلم لیگ ن کا صدر بنایا جب کوئی جنرل کونسل کے اجلاس کیلئے جگہ دینے کیلئے تیار نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق چکری میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا ہے کہ عوام تیار ہو جائیں اور ٹکٹو ں والوں اور بے ٹکٹوں کو دریامیں بہا دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام مجھے 1985سے کامیاب کرتے آرہے ہیں ۔ میرا اور عوام کا رشتہ ووٹراور امیدوار کا نہیں بلکہ ہمارا رشتہ مٹی کا رشتہ ہے ۔ میرا جلسہ سے دیکھ کر مخالفین پر خوف طاری ہو گیا ہے ۔ 25جولائی کا سورج کارکنوں کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا ۔ مخالفین کو علم ہونا چاہئے کہ میں اکیلا نہیں ہوں۔میری ایک کال پر عوام اکٹھی ہو گئی ہے ۔ چودھری نثار نے کہا کہ میں نے آج سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے اور 25جولائی کو عوام میرے حق میں گھر گھر سے نکلیں گے ۔مخالفین ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ۔کارکن مخالفین کوشکست دینے کیلئے تیار رہیں۔نواز شریف کے ساتھ 34سال تک دل کا تعلق رہا ۔میں ایک ایک لفظ عوام اورمیڈیا کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں لیکن بیگم کلثوم نواز کی علالت کے باعث میرے دل نے اس کی اجازت نہیں دی اور میری خاندانی اور علاقائی اقدار بھی اس کی اجازت نہیں دیتیں۔میرا یہ پہلا جلسہ تھا اوراس سے بہتر موقع اپنی بات بیان کرنے کا اور کوئی نہیں تھا لیکن ایک حجاب ہے جومجھے اس سے منع کرتا ہے ۔ میں نے مسلم لیگ ن کی ایک ایک اینٹ رکھی ہے ۔ جب اس جماعت کا سفر شروع ہوا تو حالات اتنے خراب تھے کہ کوئی ہمیں جنرل کونسل کی میٹنگ کی جگہ دینے کو تیار نہ تھا ۔ صدر پاکستان اور سٹیبلشمنٹ مخالف تھی ۔ ہم نے اس وقت راولپنڈی کے ایک گھر میں جنرل کونسل کی میٹنگ کرکے نواز شریف کو پارٹی صدربنایا جوہم سے زیادہ سیاسی شعور کے مالک نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ مریم نواز سے اختلافات کیا تھا اور قوم کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کے میرے ساتھ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا رویہ کیسا رہا ہے ۔میں نے یہ بھی بات سیکھی ہے کہ میں نے کبھی سودے بازی نہیں کی ۔ میں نواز شریف کے سامنے ، ضمیر کے سامنے ، قوم کے سامنے اور اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہوں۔ میں نے سر اٹھا کر سیاست کی ہے ۔چاپلوسی نہیں کی اور کسی کے سامنے ہاتھ باندھ کرکھڑا نہیں ہوا ۔ میں نے اقتدار ملا توفیکٹر ی نہیں لگائی بلکہ اپنے اقتدار کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو میں نے برداشت کیا ہے قوم کے سامنے لاناچاہتا ہوں ۔ 34سال میں ن لیگ کی ایک ایک اینٹ رکھی ہے ۔ 34سال میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا اور میرے علاقے سے ایک شخص بھی نواز شریف کے ساتھ نہیں ہے۔نواز شریف میرا مقروض ہے مجھ پر اس کا کوئی قرض نہیں ہے ۔چودھری نثار نے کہاکہ پورے پاکستان کی نظریں میرے حلقے پرہوں گی اس لئے کارکن محنت کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں کی ۔ میرے حلقے کے عوام پریشان نہ ہوں باعزت راستہ نکالوں گا ۔