نوازشریف بھارت کے ترجمان بن چکے ہیں ،پرویز مشرف
سابق صدر اور آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نوازشریف بھارت کے ترجمان بن چکے ہیں،انہوں نے ملک سے غدار ی کا ارتکاب کیا ہے ۔
آل پاکستان مسلم کی طرف سےجاری کردہ بیان میں سابق صدر نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے بیان سے فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو ممبئی حملوں کا ذمہ دار قرار دینا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ نوازشریف ملکی سلامتی کےلئے خطرہ بن چکے ہیں،ان پر ملک سے غداری کا مقدمہ چلایا جائے ۔
پرویز مشرف نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ کارگل کی کارروائی پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا تھا جبکہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ کارگل پر نوازشریف کو دو بار بریفننگ دی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے دوران بریفننگ کہا تھا جنرل صاحب مزا تب آئے گا جب سری نگر پر جھنڈا لگائیں گے ،کارگل جنگ میں ہم 5 جگہوں پر بھارتی فوج پر حاوی تھے،اسے وقت میں نواز حکومت پر بھارت نے امریکا کےذریعے دبائو ڈلوایا ۔
پرویز مشرف نے یہ بھی کہا کہ کارگل سے فوجوں کی واپسی پر راجہ ظفر الحق اور چوہدری شجاعت نے مخالفت کی تھی، پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف امریکا گئے اور وہاں سے فوجوں کی واپسی کا آرڈر جاری کیا۔
ان کا کہناتھاکہ نواز شریف نے فوجوں کی واپسی کا الزام مجھ پر عائد کردیا،ایسے وقت پر یہ بیان آنے کے پیچھے ضرور کوئی نا کوئی بات چھپی ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ ساری زندگی ملک کی خدمت کی ہے، آج بھی ملک سے باہر رہتے ہوئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر پاکستان کا دفاع کرتا ہوں۔