نوازشریف اور بلاول بھٹو مل کر فوج پر دباو ڈال رہے ہیں،پرویزمشرف
دبئی: سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بےنظیر بھٹو کوگاڑی سے باہر نکلنے کو کس نے کہا،بی بی کا پوسٹ مارٹم کس نے نہیں ہونے دیا جب کہ خالد شہنشاہ کوکس نے قتل کرایا یہ سب ثبوت ایک ہی طرف جاتےہیں اور وہ ہیں آصف زرداری۔
میڈیا کو جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں پرویز مشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت صرف الزامات لگارہی ہے کہ بے نظیر کو قتل انہوں نے کرایایہ صرف باتیں کررہے ہیں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں اگر شواہد ہیں تو سامنے لائیں۔ سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو حکومت نے سو فیصد سیکورٹی دی جب کہ رحمان ملک بے نظیر کے سیکورٹی انچارج تھے جو واقعہ ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے
پرویزمشرف نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کا انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ سب سے زیادہ فائدہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے اٹھایا جب کہ امریکا اور عالمی طاقتیں تو مجھے صدر برقرار رکھنا چاہتی تھیں وہ مجھے صدارت سے نہیں ہٹانا چاہتی تھیں ، نوازشریف اور بلاول بھٹو مل کر فوج پر دباؤ ڈال رہے ہیں جس کے لیے انہوں نے مجھ پر پریشر ڈالنے کا طریقہ اپنایا ہے کیونکہ فوج پر دباو ڈالنے کا طریقہ یہی ہے کہ مجھ پرپریشر ڈالا جائے۔
پرویز مشرف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو جلسوں میں عورتوں کی طرح نعرے لگانا بند کریں اور مرد بن کردکھائیں۔
واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف نے بے نظیر بھٹو کو براہِ راست دھمکی دی تھی کہ ان کے تحفظ کی ضمانت تعاون سے مشروط ہوگی اور وہ ذاتی طور پر پرویز مشرف کو ہی بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دارسمجھتے ہیں۔