پاکستان

نوازشریف آج جے آئی ٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرسکتے ہیں:شیخ رشید

راولپنڈی (انیوز وی او سی آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے امکان ظاہر کیا کہ نوازشریف آج جے آئی ٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ اگر سپریم کورٹ میں پانامہ یا جے آئی ٹی پر دوبارہ بحث ہوئی تو بحثیت پٹیشنر شیخ رشید نوازشریف کو دوبارہ طلب کرنے کی استدعا کریگا۔ اگر قومی اسمبلی تحلیل ہوئی تو چاروں صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل ہوں گی۔ اگر کسی نے جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو چیلنج کیا تو عمران خان ایسی کال دیں گے جس میں شیخ رشید اسکے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوگا، 4 حکومتی وزرا کی پریس کانفرنس جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے۔ سپریم کورٹ ان وزرا کی غیر اخلاقی زبان کا نوٹس لے۔ اس پریس کانفرنس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نوازشریف کو فیصلے کی بو آگئی ہے اور لگتا ہے کہ ری چیکنگ میں 2 میں کمپارٹ اور3 میں فیل کی بجائے پپو پانچوں میں ہی فیل ہوجائیگا۔ جان مکین سمیت دنیا کی کوئی طاقت پانچوں ججوں پر دبائو نہیں ڈال سکتی۔ اتوار کی سہ پہر لال حویلی میں پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا بعض لوگ اس وقت ملک میں ہیجان، انتشار، خلفشار اور خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے جے آئی ٹی میں شامل 6 ارکان کو ’’سپرسکس‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا میں ان 6 ارکان کو سلیوٹ کرتا ہوں۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ نواز شریف آج جے آئی ٹی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتے ہیں اور یہ بھی امکان ہے کہ یہ آج چیف جسٹس سے کہیں گے کہ انکے خلاف سازش ہو رہی ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف نے خود ہمیشہ اپنے خلاف سازش کی، دوتہائی اکثریت ملنے پر انکی گردن میں سریا آجاتا ہے۔ آج یہ فوج کو قانون اور اختیارات بتا کر اسکی آئینی و قانونی حیثیت کو چیلنج کررہے ہیں، ملک میں ایک بھی آرمی چیف ایسا نہیں جس سے نوازشریف نے جوڈو کراٹے نہ کھیلے ہوں۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا جو فیصلہ بھی آیا ہم اسے من و عن تسلیم کریں گے۔ قطعی طور پر پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہو رہا لیکن این اے 55 اور 56 دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button