نقیب قتل کیس، مرکزی ملزم شعیب شوٹر کو فرار کرانے کا مقدمہ درج
نقیب اللہ محسود قتل کیس کے مرکزی ملزم سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کو فرار کرانے کا مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر عدیل چانڈیو کے مطابق ایف آئی آر نمبر 32/18 زیر دفعہ 216 گلشن معمار تھانے میں درج کی گئی، جس کے تحت واردات کے مرکزی ملزم اورنگزیب خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امان اللہ مروت کے بھائی اے ایس آئی احسان اللہ مروت فرار ہوگیا ہے۔
ملزمان نے نقیب قتل کیس کے ملزم ایس ایچ او شعیب احمد شیخ عرف شعیب شوٹر اور اے ایس آئی احسان اللہ مروت کو کراچی میں پناہ دی اور پھر لاہور فرار کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم شعیب شوٹر اور احسان اللہ مروت کو کراچی سے حیدر آباد لے گئے، اور وہاں سے ٹرین میں سوار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امان اللہ مروت کا بھائی اے ایس آئی احسان اللہ مروت جعلی پولیس مقابلے کے مقدمے میں بھی مفرور ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری جنجھال گوٹھ سے عمل میں آئی ہے۔