نعروں اور تقریروں سے خدمت نہیں ہوتی:شہباز شریف
لاہور(نیوز وی او سی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے ن لیگ کی سیاست کا محور صرف اورصرف عوام کی خدمت کرنا ہے ، اپنے ہر دور میں صدق دل سے عوام کی بے لوث خدمت کی ، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے بڑے منصوبے لگائے ،خالی نعروں اورتقریروں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی ۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا صوبے میں شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا یہی واحد راستہ ہے ۔بین الاقوامی اداروں نے موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے ۔ انہوں نے کہا تیز رفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ، پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں میں ملک کی تمام اکائیوں کی شمولیت اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انکا کہنا تھا گزشتہ چار برس کے دوران ٹھوس حکومتی اقدامات سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی اور مضبوط معیشت کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، عوام نے 2013 کے انتخابات میں ن لیگ کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا،وہ اس پر پورا اتری ہے اور ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ 2018 کے الیکشن میں باشعور عوام خدمت ،دیانت اور امانت کی سیاست کو ایک بار پھر کامیاب کرائینگے ۔عالمی یوم امن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا یہ دن منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اوراہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے اور آج کے دن ہمیں قیام امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالوں کو خراج عقیدت بھی پیش کرنا ہے ، ملک کے عوام، افواج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ،وطن عزیز سے اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کا جلد مکمل خاتمہ کرینگے ۔ حکومت پنجاب نے انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیاہے ۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں بچوں کے پہلے بون میروٹرانسپلانٹ کی کامیابی پر ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی ٹیم کو مبارکباد دی اورکہا کہ ملک کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں بچوں کاپہلی مرتبہ کامیاب بون میروٹرانسپلانٹ ایک بڑی کامیابی ہے ، یہ حقیقی معنوں میں دکھی انسانیت کی خدمت ہے اوردکھی انسانیت کی دل و جان سے خدمت کرنے والے ڈاکٹر ہمارے سر کے تاج ہیں ۔انہوں نے کہا آج چلڈرن ہسپتال لاہور میں وہی علاج معالجہ عام آدمی کے بچوں کو فری مل رہا ہے جو اشرافیہ بیرون ملک سے کراتی ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجا ب نے پنجابی زبان کے معروف شاعر افضل احسن رندھاوا کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔