شہر شہرکے پی کے

نظام اور اداروں کو درست کئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں

پشاور(نیوز وی او سی آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نظام اور اداروں کو درست کئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، دُنیا میں کونسا ایسا ملک ہے جہاں ڈالر درختوں پر اُگتے ہوں؟دُنیا کے پاس بھی وہی وسائل ہیں جو ہمارے پاس موجود ہیں پھر ہم ترقی میں پیچھے کیوں رہ گئے؟ ہم عوام کے استحصال اور گھسے پٹے نظام پر سمجھوتہ کیوں کئے ہوئے ہیں؟ پاکستان مقروض ترین ممالک میں آگے ہے،اس پر ظلم یہ کہ قرض واپس کرنے کا بھی کوئی پلان موجود نہیں،نااہل حکمرانوں کی ترقی کا ڈھونڈرا پیٹنے کے پیچھے کوئی حقیقت نہیں ،ہم دُنیا کے سامنے آنکھیں نہیں اُٹھا سکتے ، چوراور کرپٹ ہماری پہچان بن چکی ہے جس کے ذمہ دار ہمارے مفاد پرست اور نااہل سیاست دان ہیں جو 70 سال گزرنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات تک نہیں دے سکے ،اب عوام کو اپنی ترقی و خوشحالی اور مستقبل کیلئے اپنی ترجیحات بدلنی ہو ں گی ، نمائندے تبدیل کرنے ہوں گے ،صرف جذبات پر مبنی وابستگی کافی نہیں،اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ ہمارے مسائل کا خاتمہ ہو ، حقدار کو حق ملے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو تو ہمیں ایماندار لیڈر کو آگے لانا ہو گا،یہی واحد راستہ ہے جو ہمیں اقوام عالم میں سرخر و کر سکتا ہے ،یہ ایسی ناقابل تردید حقیقت ہے جس پر ترقیافتہ دُنیا کی تاریخ شاہد ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہری پور ضلع میں مختلف تعمیری منصوبوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئےپرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت نے صوبہ بھر میں عوامی آسانی کیلئے تاریخی ترقیاتی کام کئے ہیں۔ انہوں نے حطار ، ہری پور ، ٹیکسلا روڈ کے افتتاح پرعوام کو مبارکباد دی اور کہاکہ یہ پراجیکٹ اُن چند پراجیکٹس میں سے ایک ہے جس کو مکمل فنڈ دیئے جاچکے ہیں،یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تعمیر کیا جارہاہے جس پر معاہدہ ہو چکاہے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ یہ عوامی نمائندوں پر منحصر ہو تا ہے کہ وہ کس قدر کام کرنے کا جذبہ اور تجربہ رکھتا ہیں؟ اگر عوام کا منتخب کردہ نمائندہ باشعور ہو متعلقہ قوانین ، اداروں یا فورمز تک رسائی رکھتا ہو ، کام کرنا جانتا ہو، عوام کی تکالیف کا درد رکھتا ہو تو ترقی کے راستے نکل آتے ہیں،اس کے برعکس اگر عوام کے نمائندے یا رہنما جو عوام کے منتخب کردہ ہوتے ہیں مفاد پرست ہوں ، اپنی ذات کے حصار سے باہر نہ نکلیں تو اُن کی اپنی زندگی تو شاہانہ انداز رکھتی ہے مگر عوام کیلئے کچھ نہیں کر پاتے ۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ 70 سال گزرنے کے باوجود پاکستان کے عوام پانی، بجلی، گیس ، تعلیم،صحت اور انصاف جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،سوال پیدا ہو تا ہے کہ عام آدمی کب تک اس طرح ذلیل ہو تا رہے گا ؟کب تک عوام سرمایہ داروں کے مرہون منت رہیں گے ؟ کیا یہ ملک جاگیر داروں کی میراث ہے ؟ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان میں آج تک جتنی بھی سیاسی پارٹیاں آئیں اُن کا کوئی منشور ہی نہیں تھا ، کو ئی ایجنڈا نہیں تھا ملک قرضوں پہ چلتا رہا اور ووٹ دیتے ہوئے کبھی کسی نے نہیں سوچا کہ ہم جسے ووٹ دے رہے ہیں اُس کا ایجنڈا کیا ہے؟عمران خان نے پہلی بار عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے اور پاکستان کو کرپٹ مافیا سے آزاد کرانے کیلئے آواز بلند کی ،کپتان 22 سال سے نظام کی تبدیلی اور ملک سے چوری کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عمران خان کی بات اسلئے نہیں کررہے ہیں کہ وہ ہمار ا لیڈر ہے بلکہ ہم چیلنج کرتے ہیں کہ آج تک کسی پارٹی نے بھی الیکشن میں دیئے گئے منشور پر عمل نہیں کیا ۔ اس صوبے کی بھی تاریخ ہے کہ کوئی پارٹی دوبارہ حکومت نہیں بنا سکی ۔ وجہ یہی ہے کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کسی نے کام نہیں کیا۔ واحد تحریک انصاف ہے جس نے اپنے ایجنڈے کے مطابق عوام کو سہولیات کی فراہمی اور نظام کی تبدیلی کیلئے دستیاب وسائل کے مطابق ہر ممکن اقدامات کئے ۔ یہی وجہ ہے کہ آج حالات ماضی سے مختلف ہیں اورپی ٹی آئی بدستو ر عوام کی مقبول ترین جماعت ہے دو ماہ کے بعد ہمارے اقدامات کے نتائج بھی سامنے آجائیں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button