ناقص اور جعلی کھادیں،زرعی ادویات بنانے والے اور بیچنےوالوں کے خلاف ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے افسران کاروائیاں مزید تیز کریں
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس اف کینیڈا) ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) گوجرانوالہ ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے کہا ہے کہ ناقص اور جعلی کھادیں،زرعی ادویات بنانے والے اور بیچنے نہ صرف کسانوں کونقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ ملک میں اجناس کی پیداور میں کمی کا بھی سبب بن رہے ہیں ۔ ایسے افراد اور کمپنیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے افسران کاروائیاں مزید تیز کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کمیٹی برائے کھاد و زرعی ادویات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔اجلا س میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع لیاقت علی بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ایگریکلچر ڈاکٹر جاوید اختر،ماجد حمید،علی اصغر ، پبلک پراسیکیوٹر عدنان علی ، پی آر او حافظ عبدالوحید ، محمد یونس اے او ، مرزا قدیر بیگ اے او، محمد خالد کھاد ڈیلر ، ریاض احمد اے ایس آئی ، اشرف کھاد ڈیلر ، زاہد محمود چیمہ ڈیلر امتیاز احمد اور دیگر شریک تھے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے کہا کہ ایسے افراد اور کمپنیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس کے افسران کاروائیاں مزید تیز کریں جو ناقص اور جعلی کھادیں اورزرعی ادویات بیچ کر کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسان خوشحال ہو گا تو ملک بھی ترقی کرے گا ، پولیس حکام جعلی اور غیر معیاری ادویات کی تیاری اور فرخت میں ملوث افراد اور کمپنی مالکان کے خلاف فوری مقدمہ درج کریں ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو بھی ہدایت کی کہ وہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی بھرپور پیروی کریں تا کہ قومی مجرموں کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے ۔
اجلاس میں انہیں بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر توسیع لیاقت علی بھٹی نے بتایا کہ سال 2016کے لیے تحصیلوں کو مجموعی طور پر زرعی ادویات کے ٹیسٹ کے لیے 278نمونے اکٹھے کرنے کا ہدف دیا گیا ، ٹیموں نے 31دسمبر تک مجموعی طور پر297نمونے حاصل کیے ، 238کو فٹ قرار دیا گیا جبکہ 10کو غیر معیاری قرار دیا گیا اور غیر معیاری ہونے پر تین کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ۔ دیگر خلاف ورزیوں پر بھی 9ڈیلرز، مینوفیکچررز کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ۔کھادوں کے نمونہ جات اکٹھے کرنے کا ہدف 200رکھا گیا جس کے مقابلے میں 221نمونے جمع کیے گئے ۔ 204فٹ قرار دیئے گئے جبکہ 14کو غیر معیاری قرار دیا گیا ، 12ناقص نمونہ جات والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے اور زائد قیمت سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر بھی 3مقدمات درج کرائے گئے ۔ اجلاس میں کھادوں کی قیمتوں اور مارکیٹ میں دستیابی ، تھانوں میں مقدمات کے اندارج میں تعطل اور عدالتوں میں زیر التواء کیسز کا بھی تفصیلی سے جائزہ لیا گیا ۔ پولیس حکام کو جلد مقدمات درج کرنے اور پبلک پراسیکیوٹر کو مقدمات کی پیروی کی ہدایت کی گئی تا کہ زیر سماعت پر جلد فیصلہ ممکن ہو سکے ۔