Draft

ناز نوروزی کی پہلی پاکستانی فلم ’’مان جاؤ نہ‘‘جمعے کو ریلیز ہو گی

کراچی: ایران سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ اداکارہ ناز نوروزی نے پاکستان خصوصاً کراچی سے متعلق اپنی رائے کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نہایت خراب تاثر پیش کیاجاتا ہے لیکن حقیقت بالکل مختلف ہے ۔
’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘، ’’نامعلوم افراد‘‘اور’’یلغار‘‘جیسی فلموں کے بعد پاکستانی سینما انڈسٹری کا معیار بلند ہورہا ہے، جس کے باعث اب بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی پاکستان فلم انڈسٹری میں کام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ان ہی میں سے ایک ایرانی نژاد بالی ووڈ اداکارہ ناز نوروزی بھی ہیں جن کی پہلی پاکستانی فلم ’’مان جاؤ نا‘‘ ریلیز ہوئی ہے۔ ناز کے بقول یہ ایک مزاحیہ فلم ہے جسے گھر کے تمام افراد ایک ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتے ہیں۔ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو شادی نہیں کرنا چاہتی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں ناز نوروزی نے پاکستان میں کام کرنے کے حوالے سے بتایا کہ جب پاکستان سے فلم کی پیشکش ہوئی تو ان کے لیے اسے قبول کرنا ایک امتحان بن گیا۔ مجھے کئی لوگوں نے کہا کہ پاکستان کیوں جارہی ہو، وہاں تو جنگ جاری ہے لیکن میری فلم کے ہدایت کار اور ہیرو عدیل چوہدری نے میری بہت ہمت بندھائی اور ان کے کہنے پر میں نے یہاں آکر کام کرنے کا فیصلہ کرہی لیا۔ جب پاکستان آکر دیکھا تو یہاں کے حالات بہت مختلف لگے جب کہ کراچی کافی حد تک ممبئی جیسا ہے۔
فلم کے کردار اور حقیقی زندگی کے درمیان مماثلت کے حوالے سے ناز نے بتایا کہ فلم میں دکھانے والے مسائل عام زندگی میں بھی ہوتے ہیں، میں بھی ایسا ہی سوچتی ہوں کہ ابھی مجھے شادی نہیں کرنی بلکہ ابھی کام کرنا ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے ابھی شادی کروں گی تو زندگی ختم ہوجائے گی فلم کا مرکزی کردار رانیہ بھی یہی سوچتی ہے۔
نازنوروزی نے بالی ووڈ میں کام کے تجربے کے بارے میں بتایا کہ انہیں ہندی سیکھنے میں بہت مشکلات پیش آئیں ایک وقت آیا کہ انہوں نے ہار مان لی لیکن فلموں میں کام کرنے کے شوق نے انہیں ہندی سیکھنے پر مجبور کردیا اور بالآخر دوسال میں انہوں نے ہندی سیکھ ہی لی۔ ناز نے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں دپیکا پڈوکون ،کنگنا رناوت اور سلمان خان بہت پسند ہیں جب کہ پاکستانی اداکار فواد خان کو وہ’’ہاٹ ہیرو‘‘قراردیتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button