نائیجریا میں دعائیہ تقریب کے دوران چرچ کی چھت گرنے سے 60افراد ہلاک ،درجنوں زخمی
ابوجا(ڈیلی پاکستان آن لائن )نائیجر یا کے چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران چھت گرنے سے 60افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ کئی افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 60سے زیادہ ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نائیجریا کے رینر بائبل چرچ میں پادری کو مقرر کرنے کی دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا جس میں گورنر سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا ۔لوگ دعائیہ تقریب میں عبادت کر رہے تھے کہ اچانک چرچ کی چھت ان پر گر گئی جس کے باعث 60سے زیادہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔ابھی تک ملبے سے 60سے زائد لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ابھی کرینوں کی مدد سے ملبہ ہٹا یا جا رہا ہے جس کے نیچے لوگ دبے ہوئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چرچ کی عمارت ابھی زیر تعمیر تھی اور مزدور اس پر کام کر رہے تھے ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کرائی جائے گی ۔واضح رہے کہ نائیجر یا میں عمارتوں کی تعمیر کے دوران بلڈرز کی کرپشن کے باعث ناقص میٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے آئے روز عمارتیں گرتی رہتی ہیں ۔نائیجریا میں 2014میں بھی ایک گیسٹ ہاوس کی عمارت گرنے سے 116افراد ہلاک ہوئے تھے ۔