سندھ
نئے آئی جی سندھ کے لیے 3 نام وزیراعظم کو موصول
اسلام آباد: سندھ حکومت نے نئے آئی جی سندھ کے لیے تین نام وزیراعظم کو ارسال کردیے، امکان ہے کہ نئے آئی جی کا نام پیر تک فائنل ہوجائے گا۔
سندھ حکومت نے نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا فیصلہ کرتے ہوئے 3 نام وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ارسال کیے ہیں جو انہیں آج موصول ہوگئے ہیں۔
وزیر اعظم کو آئی جی سندھ کے لئے جو نام موصول ہوئے ہیں ان میں سردار عبدالمجید دستی، عارف نواز خان اور مہر خالق کے نام شامل ہیں، امکان ہے کہ وزیر اعظم حتمی نام کا فیصلہ پیر کو کریں گے جس کے بعد نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا فیصلہ کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ موجودہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور سندھ حکومت کے درمیان تنازعات جاری ہیں، سندھ حکومت کئی ماہ سے انہیں برطرف کرکے نیا آئی جی سندھ لانے کے لیے کوشاں ہے۔