’’میں پاکستانیوں کی ہر قیمت پر حفا ظت کروں گا‘‘
نیویارک (نیعز وی او سی آن لائن) ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد جہاں امریکہ کی کئی ریاستوں اور امریکی شہروں میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں وہیں دوسری جانب امریکہ میں مقیم مسلمان بھی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ دو دن قبل جہاں ٹیکساس میں نا معلوم افراد نے مسلمانوں کی عبادت گاہ کو نشانہ بنایا وہیں اب ایک امریکی شخص اپنے مسلمان پڑوسیوں کی مدد کے لیے آگے آگیا ہے ۔جی ہاں! سوشل میڈیا پر ایک امریکی شخص کی تصویر وائرل ہو گئی ہے ۔ اس تصویر میں امریکی شخص کو ایک بینر اُٹھائے ہوئے دیکھا گیا جس پر تحریر تھا کہ میرے پڑوسی پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور میں ان کی ہر قیمت پر ان کا دفاع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاطت بھی کروں گا چاہے اس کے لیے مجھے اپنی جان کیوں نہ دینی پڑے ۔ امریکی شخص کے اس جذبے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایک طرف جہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے وہیں دوسری جانب امریکی شہری اپنے پاکستانی اور مسلمان ساتھیوں کے تحفظ کے لیے کھڑے ہو گئے ہیں جو انسانیت کی اعلیٰ مثال ہے۔