’میں نےکوئی منفی بات نہیں کی صرف ۔۔۔۔‘‘رانا ثنااللہ
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین سے متعلق نازیبا جملوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی سیاسی خاتون کی جدوجہد کے حوالے سے منفی بات نہیں کی ، میں خواتین کا بہت احترام اور ان کی سیاسی جدوجہد کی قدر کرتا ہوں ،عمران خان خود خواتین کا کتنا احترام کرتے ہیں ؟یہ سب کو پتہ ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے رانا ثنا اللہ نے خواتین سے متعلق اپنے جملوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے کسی سیاسی خاتون کی جدوجہد کے حوالے سے منفی بات نہیں کی، میں نے لاہور میں تحریک انصاف کے 2011 اور 29 اپریل 2018 کے اجتماعات کے فرق کی نشاندہی کی ہے، 2011 کے اجتماع میں سیاسی جدوجہد کرنے والی فیملیز آئیں، مگر 29 اپریل کے ا جتماع میں وہ فیملیز کہیں نظر نہیں آئیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان خواتین کا خودکتنا احترام کرتے ہیں ؟یہ سب کو پتہ ہے،عمران خان کا خواتین کے حوالے سے کیاکردار ہے؟ یہ بھی سب کے سامنے ہے۔واضح رہے کہ رانا ثنااللہ نے مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین کے بارے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین گھریلو نہیں تھیں، وہ کہاں سے آئیں تھیں ان کے ٹھمکوں سے پتا چلتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی رانا ثنا ء اللہ کے بیان پر خواتین سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی جماعت خواتین کی عزت کرتی ہے اور سیاست میں خواتین کے کردار کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جبکہ دوسری طرف ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے رانا ثنا ء اللہ ،طلال چوہدری اور عابد شیر علی کے بیانات کی مذمت کی ہے ۔