انٹرنیشنل

میکسیکومیں ہولناک زلزلہ,32 ہلاک درجنوں زخمی

میکسیکو سٹی (نیوز وی او سی) صدی کے سب سے شدید زلزلے نے شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں تباہی مچادی،8.2 شدت کے زلزلے کے باعث مکانات،اسکولوں اوراسپتالوں سمیت سیکڑوں عمارتیں ملیامیٹ ہوگئیں، زلزلے کی وجہ سے کم ازکم32افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے جبکہ حکام نے سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی۔ اطلاعات کے مطابق زلزلہ رات11بجکر50منٹ پرآیا جبکہ اس کامرکز بحرالکاہل کے ساحلی علاقے پیجی جیاپان سے 87 کلو میٹر دور، 70 کلومیٹرگہرائی میں اور اس کا دورانیہ90سیکنڈتھا، زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے ، امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت8.1 تھی ، ملک کے صدر انریق پینا نیٹو نے شدت 8.2 بتائی اور اسے میکسیکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا۔ بیان میں انکا کہنا تھا کہ 5 کروڑ افراد نے زلزلہ محسوس کیا ، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ صدر نے متاثرہ علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم بھی دیدیا ۔ حکام نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے اس کے اصل مقام سے سیکڑوں میل دور تک محسوس کئے گئے جبکہ اس سے اوکساکا اور چیاپاس کے علاقوں میں خاصی تباہی ہوئی ، جس کے بعد 4.3 اور 5.7 شدت کے درجنوں آفٹرشاکس بھی محسوس کئے گئے ،زلزلے سے ہمسایہ ملک گوئٹے مالا میں بھی ایک شخص ہلاک اور املاک کا شدید نقصان ہوا، جبکہ سمندر میں تقریباً3میٹر بلند لہریں اٹھنے پر میکسیکو میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی، تاہم اس وارننگ کو بعد میں واپس لے لیا گیا، بحرالکاہل میں سونامی وارننگ سینٹر نے ایل سلواڈور، گوئٹے مالا، کوسٹا ریکا،نکارا گوا، پاناما اور ہونڈوراس میں بھی سونامی کی وارننگ جاری کی ، تاہم وہاں سونامی کی لہریں میکسیکو کی نسبت کم درجے کی ہیں۔ زلزلہ کے مرکز سے ایک ہزار کلومیٹردور میکسیکوسٹی میں بھی جھٹکے محسوس کئے جاتے رہے اور عمارتیں لرزتی رہیں ، جس پر لوگ گھروں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے ، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، جبکہ دارالحکومت میکسیکو کے مرکزی ہوائی اڈے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ یاد رہے کہ اس قبل 1985 میں زلزلے سے میکسیکو میں ہزاروں افراد ہلاک اورمیکسیکو سٹی کا ایک بڑا حصہ تباہ ہوگیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button