پاکستان

میٹروٹرین کے تمام سٹیشنوں پر معذور اور معمر افراد کیلئے وہیل چیئرز اور دیگر خصوصی سہولتیں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے‘ خواجہ احمد حسان

لاہور 29 نومبر 2017
(بیورو چیف پاکستان بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
پیکیج ٹو پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے،بالائے زمین راستے کی تعمیر کیلئے درکار 806میں سے 645یو ٹب گرڈرز تیار ،505نصب کئے جا چکے ہیں، چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی
وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے، میٹروٹرین کے تمام سٹیشن بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائے جا رہے ہیں جہاں معذور اور معمر افراد کے لئے وہیل چیئرز اور دیگر خصوصی سہولتیں کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے، اسلام پارک سٹیشن کا86فیصد تعمیراتی اور 67فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورکس مکمل کر لیا گیا ہے، ا سے بہت جلد ماڈل سٹیشن کے طور پر تیار کر لیا جائے گااور بعد ازا ں تمام دوسرے سٹیشن اسی نمونے کے مطابق بنائے جائیں گے، پیکیج ٹو کے تعمیراتی کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے ۔
سڑکوں کی بحالی کاکام چوبرجی چوک ملتان روڈ سے شروع کر دیا گیا ہے جسے جلد از جلد مکمل کیا جائے گا،اس کے علاوہ روٹ پر موجودتجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میںایم پی اے چودھری شہباز ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ ‘چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 77.8فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 87.3فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 62 فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 82.3فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 81.4فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اجلاس کو بتا یا گیا کہ پیکیج ون کے 13میں سے 12سٹیشنوں پر جاری تعمیراتی کام اوسطا80فیصد جبکہ پیکیج ٹو کے 13سٹیشنوں پر اوسطا70فیصد مکمل کیا جا چکا ہے -پیکیج ٹو پر بالائے زمین راستے کی تعمیر کے لئے درکار 806میں سے 645یو ٹب گرڈرز تیار جبکہ 505نصب کئے جا چکے ہیں –

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button