میاں صاحب کے ظلم کی داستان لمبی ہے ، بلاول بھٹو زرداری
کوئٹہ (اے این این ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمراں جے آئی ٹی سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، میاں صاحب آپ کے ظلم کی داستان لمبی ہے ۔ کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب روز ترقی کے دعوے کرتے ہیں ، بلوچستان میں کوئی ترقی نظر نہیں آرہی ، ملک میں سب سے زیادہ غربت بلوچستان میں ہے ، حکمرانوں کو بلوچستان اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے ، یہ نہیں ہو سکتا کہ بلوچستان کے وسائل کے استعمال سے ترقی کہیں اور ہو رہی ہو، بلوچستان میں غیرملکی ایجنسیوں نے پراکسی وار شروع کر رکھی ہے ، دہشت گردی کیخلاف عوام کو متحد کرنا ہو گا ۔ بلاول نے کہا کہ حکمراں جے آئی ٹی سے بچنے میں مصروف ہیں، جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد حکمراں بوکھلا گئے ہیں، میاں صاحب آپ کے ظلم کی داستانیں لمبی ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان کے عوام سے معافی مانگی اورانکے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک آصف علی زرداری کا منصوبہ تھا ،انہوں نے گوادر کو سنگاپور سے لیکر سی پیک کی بنیاد رکھی ، سی پیک میں سب سے زیادہ حصہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا ہے ، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھر پور کردارادا کرر ہی ہیں، مگر حکمرانوں نے اپنا کام نہیں کیا۔