مہاجر الائنس قائم کریں، مجھے ابو بنالیں، فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (پی آئی بی) کے سر برا ہ فاروق ستار نے خود کو مہاجر دھڑوں کی سربراہی کے لیے پیش کردیا ہے اور کہا کہ مہاجر الائنس بنائیں اور منظور ہو تو مجھے ابو بنالیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان (بہادر آباد) کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد ، پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال ،صدر انیس قائم خانی اور مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر کو مہاجر الائنس بنانے کی دعوت دے دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مہاجر سیاست اور مہاجر ووٹ بینک کی تقسیم کی سازش ناکام بنادیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان مہاجروں کے عظیم اتحاد کو 2018 میں مکمل کرے گی۔
وہ لانڈھی نمبر 6 ، بابر مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں عوامی رابطہ مہم کے دوران شہریوں سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ساجد احمد اور رکن سندھ اسمبلی وقار حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔
قبل ازیں جب ڈاکٹر فاروق ستار لانڈھی پہنچے تو ان کا بھر پور استقبال کیا گیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم پاکستان کو صرف مہاجروں و مظلوموں کی نہیں ، بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے کا حل صرف ایم کیو ایم پاکستان کے پاس ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان میں میرٹ کا نظام بحال کرنا ہے ۔ ہمارے مخالفین کسی خوش فہمی میں نہ رہیں۔